راولپنڈی‘ نوتعمیر شدہ ایئر پورٹ روڈ کے 200میٹر ٹکڑے کی نامکمل فنشنگ شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی

نور خان ایئر بیس سے کورال چوک تک موٹر سائیکل اور کار سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا

بدھ 20 جنوری 2016 20:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء) نوتعمیر شدہ ایئر پورٹ روڈ کے 200میٹر ٹکڑے کی نامکمل فنشنگ شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی ، نور خان ایئر بیس سے کورال چوک تک ایئر پورٹ روڈ کوحال ہی میں خطیر فنڈ سے ازسرنو تعمیر کیا گیا تھا تاہم سڑک کی فنشنگ کا کام مکمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں اور کار سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،لوگوں نے بتایا کہ للیال چوک سے ایئر پورٹ کی جانب آتے ہوئے فلائنگ کلب کے سامنے تقریباً 200میٹر کا ٹکڑا نامکمل فنشنگ کے باعث ٹریفک روانی میں رکاوٹ ہے اور غیر ہموار ٹکڑے کی وجہ سے کئی موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں نے اس جانب چشم پوشی کیوں کر رکھی ہے اور نجانے کیونکر اس چھوٹے سے ٹکڑے کو ادھورا چھوڑ رکھا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ایئر پورٹ روڈ غیر ہموار ٹکڑے کی فوری فنشنگ کی جائے اور ناقص حکمت عملی و غفلت کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے کروڑوں روپے کے پراجیکٹ کو نامعلوم وجوہات کی بناء پر عوام کے لیے عذاب جان بنا دیا ہے۔