تربیلا چوتھا توسیعی پن بجلی منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے : چیئرمین واپڈا کی پراجیکٹ حکام کو ہدایت

تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے سے سالانہ 30 ارب روپے کا فائدہ ہوگا ، ہر سال 3 ارب 80 کروڑ یونٹ سستی بجلی مہیا کرے گا

بدھ 20 جنوری 2016 19:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء) چیئرمین واپڈا ظفر محمودنے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وضع کئے گئے تیزتر تکمیل پروگرام کے تحت 1410 میگاواٹ صلاحیت کے تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کی جون2017 ء تک تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تعمیراتی کام کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز تربیلاکے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کے دورے کے دوران کیا۔

ممبر(واٹر) واپڈا محمد شعیب اقبال، جنرل منیجر تربیلا ڈیم اقبال مسعود صدیقی، تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل خان، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیئرمین واپڈا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی نظام میں کم لاگت پن بجلی کے ذریعے ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے تربیلا چوتھا توسیعی پن بجلی منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے ذریعے واپڈا اس قابل ہوسکے گا کہ 2017 ء کے ہائی فلو سیزن سے استفادہ کرسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے تمام مشکلات کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ ’’تیزتر تکمیل پروگرام‘‘ میں مقرر کئے گئے اہداف کے حصول کے لئے ٹائم لائن پر سختی سے عمل کیا جائے اور منصوبے کیلئے مقررہ تعمیراتی معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔

دورے کے دوران چیئرمین نے تربیلا ڈیم پر ان ٹیک ورکس اور پاور ہاؤس کی سائٹ کا معائنہ کیا اور وہاں پر تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا۔قبل ازیں، جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ نے چیئرمین کو ’’تیزتر تکمیل پروگرام‘‘ کے تناظر میں تربیلا چوتھے توسیعی منصوبہ پر مجموعی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر پراجیکٹ حکام کو درپیش مشکلات اور پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے مختلف امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔

بریفنگ کے دوران جنرل منیجر تربیلا ڈیم نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق تیزتر تکمیل کی بنیاد پر جون 2017 ء میں تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کی تعمیر سے 2017 ء کے ہائی فلو سیزن کو استعمال میں لانے کی وجہ سے 300 ملین ڈالر کے مساوی اضافی بجلی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔یہ امر قابل ِ ذکر ہے کہ تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے ذریعے سرنگ نمبر 4 پر1410 میگاواٹ مجموعی پیداواری صلاحیت کے تین یونٹوں کی تنصیب سے تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت 3 ہزار 4 سو 78 میگاواٹ سے بڑھ کر 4 ہزار 8 سو 88 میگاواٹ ہو جائے گی ۔

عالمی بنک اس پراجیکٹ کے لئے 840 ملین ڈالر مہیا کررہا ہے ۔اپنی تکمیل پر تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ نیشنل گرڈ کو 3 ارب 84 کروڑ یونٹس کم لاگت بجلی مہیا کرے گا۔ پراجیکٹ کے سالانہ فوائد کا تخمینہ تقریباً 30 ارب روپے ہے ۔ پراجیکٹ تین سال میں اپنی تعمیراتی لاگت پوری کردے گا ۔

متعلقہ عنوان :