ورلڈ فوڈ پروگرام کی رپورٹ سے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیے،ٹرسٹ فیصل آباد

بھارت ، پاکستان، بنگلہ دیش اور عراق سمیت کئی ملکوں میں 15سے 25فیصد آبادی غذائی قلت کا شکار ہے، الحاج میاں عبدالکریم صدر ادارہ صوت الاسلام

بدھ 20 جنوری 2016 17:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء) ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے جاری رپورٹ سے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیے اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت ، پاکستان، بنگلہ دیش اور عراق سمیت کئی ملکوں میں 15سے 25فیصد آبادی غذائی قلت کا شکار ہے۔ غذائی قلت کی وجہ سے خاندان کے سربراہ کی افراد خانہ کوقتل کرنے کے بعد خودکشی کی خبریں بلاسبب نہیں۔

پاکستان جیسے زرعی ملک میں آبادی کے اس قدرے بڑے حصے کا غذائی قلت کا شکار ہونا افسوس ناک ہے ۔ اس سلسلہ میں ممتاز سماجی رہنما الحاج میاں عبدالکریم صدر ادارہ صوت الاسلام ٹرسٹ فیصل آباد نے آن لائن کو بتایا کہاکہ ہمارے ملک میں وسیع وعریض زرعی رقبہ ہے جہاں درجنوں اقسام کی اجناس پیدا کی جاتی ہیں اللہ تعالیٰ نے ہمیں چارموسم اور دوسری کئی نعمتیں عطا کی ہیں جو زرعی پیداوار کے اضافے میں معاون ہیں اگر ہماری حکومتوں کی پالیسیاں ٹھیک ہوں توموجودہ آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنا چنداں مشکل نہیں لیکن ہوتا یہ ہے کہ زرعی پیداوار کا ایک بڑاحصہ سرمایہ دار اسکی قیمتیں مصنوعی طورپر بڑھانے کے لیے خرید کر ذخیر ہ کرلیتا ہے رہی سہی کسرمنافع خورمافیاپوری کردیتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس طرح کھانے پینے کی چیزیں عام آدمی کی قوت ٰخرید سے باہر ہوجاتی ہیں اورمجبوراً اسے جسمانی ضروریات سے کم پر گزارہ کرنا پڑتاہے۔ تھرپارکر میں آج بھی سینکڑوں بچے اور بڑے غذائی قلت کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار رہے ہیں جبکہ حکومت اپنے کمیشن کے چکروں میں نت نئی سڑکیں اور گاڑیاں چلارہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اگر اشیائے خوردنوش کی قیمتیں ہی قابو میں رکھنے میں کامیاب ہوجاتی تو نہ صرف آبادی کا یہ 25فیصد حصہ غذائی قلت کاکاشکار ہونے سے بچ جاتا اور ملکی ترقی میں اپنے حصے کا کردار ادا کرتابلکہ بجلی اور گیس کے بحران پر آبادی کا باقی حصہ بھی اس قدر شدیدردعمل ظاہر نہ کرتا جیسے وہ اب کررہا ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70تا80فیصد کمی واقع ہوچکی ہے حکومت ٹرانسپورٹروں کو مجبور کرکے کرایوں میں بھی کمی کرائے تاکہ یہاں مزدوروں کو روزگار مل سکے اور عوام مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پال سکے