آئی سی سی نے گال کرکٹ گراوٴنڈ کے چیف کیوریٹرمعطل کر دیا

بدھ 20 جنوری 2016 16:56

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جنوری۔2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کے کرکٹ گراوٴنڈ گال کے چیف کیوریٹر جیانندا وارناویرا کو اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) سے تعاون میں ناکامی پر تین سال کے لیے معطل کردیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جیانندا آئی سی سی کی جانب سے دو مختلف مواقع پر اے سی یو کے ساتھ طے شدہ ملاقات میں پیش نہیں ہوئے تھے جبکہ بدھ کے روز ایک دفعہ پھر وہ جاری تفتیش سے منسلک کاغذات مہیا کرنے میں ناکام رہے۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ نے جیانندا کو گزشتہ سال مبینہ طور پر بک میکرز سے تعلقات پر دو سال کے لیے کرکٹ کی سرگرمیوں سے معطل کردیا تھا۔اے سی یو کے چیئرمین رونی فلینیگن کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو معطلی کی سزا سناتے ہوئے کوئی خوشی نہیں ہوئی لیکن یہ فیصلہ مکمل طورپر آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہے اور اس سے ظاہر ہوتاہے کہ ہم کرپشن سے متعلق معاملات میں کس قدر سخت ہیں۔

(جاری ہے)

55 سالہ وارناویرا نے سری لنکا کی جانب سے 1986 سے 1994 تک 10 ٹیسٹ کھیل کر 32 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے دو دن قبل سری لنکا نے ٹیم کے فاسٹ باوٴلنگ کوچ کو مبینہ طورپر بیک میکرز سے تعلقات اور کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ کے لیے اکسانے کے الزام پر دو مہینے کے لیے معطل کردیا تھا۔دوسری جانب سری لنکن پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجیلو میتھیوز سے بھی اس معاملے پر سوالات کئے تھے۔

متعلقہ عنوان :