صوبائی وزراء کا دورہ چارسدہ ہسپتال ،یونیورسٹی واقعہ میں زخمی افراد کی عیادت کی

بدھ 20 جنوری 2016 16:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جنوری۔2016ء) خیبرپختونخوا کے صوبائی وزراء حاجی حبیب الرحمن اورقلندرخان لودھی نے چارسدہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کادورہ کیا جہاں پر انہوں نے باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کے واقعہ میں زخمی افراد جن میں یونیورسٹی کے طلباء بھی شامل تھے کی فرداًفرداً عیادت کی وہ کچھ دیر ان کے ساتھ رہے۔ صوبائی ایڈیشنل سیکرٹری صحت معتصم بااللہ بھی ہسپتال میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختصر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزراء نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کی بہترین نگہداشت کریں اور ان کو ہرممکن طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنائیں ۔صوبائی ورزاء نے اس المناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ وہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم سے مرعوب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت امن وامان کی بحالی کے لئے بھر پور اقدامات اٹھارہی ہے اوراس سلسلے میں سیکورٹی فوسز کوہرقسم کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔صوبائی وزراء نے واقعہ میں جانی نقصان پرگہرے افسوس کااظہارکرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعابھی کی۔