ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر ہم ترقی کی منزل طے نہیں کرسکتے اور میری دعا ہے کہ یا اللہ، پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کر دے‘خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین کی گرلز گائیڈز ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب

بدھ 20 جنوری 2016 15:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء) خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر ہم ترقی کی منزل طے نہیں کرسکتے اور میری دعا ہے کہ یا اللہ، پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کر دے۔انہوں نے یہ بات ایوان صدر میں گرلز گائیڈز ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اپنی گھریلو مصرفیات میں سے وقت نکال کر اپنی تعلیمی قابلیت میں اضافہ کریں تاکہ وہ قومی تعمیرو ترقی اور خاص طور پر تعلیم کے شعبے میں موثر کردار ادا کرسکیں،بیگم ممنون حسین نے کہا کہ جھوٹ اور بے ایمانی کو اگر ہم زندگی سے نکال دیں تو پاکستان جنت کا نمونہ بن جائے گا۔

بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہاکہ پاکستانی بچیاں اللہ کے فضل سے بہت ذہین اور باصلاحیت ہیں اگر انہیں ذرا سی راہنمائی میسر آئے تو وہ بڑے کارنامے سر انجام دے سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرلز گائیڈز ایسوسی ایشن کا بھی یہی مقصد ہے کہ پاکستانی خواتین کو گھر ہستی کے طور طریقے سکھائے جائیں تاکہ وہ اپنے خاندان کی آمدنی میں اضافہ کر سکیں اور کسی کی محتاج نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہماری خواتین ملکی تعمیرو ترقی میں حصہ لیں گی تب ملک حقیقی معنوں میں ترقی کرے گا اور معاشرے میں تبدیلی آئے گی۔ تقریب سے سینیٹر نزہت صادق، چیف کمشنرپاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن نے بھی خطاب کیا اور ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اس موقع پر بچو ں نے نعت اور ٹیبلو بھی پیش کیے جس سے خاتونِ اوّل بہت متاثر ہوئیں اور بچوں کو ان کی بہتری کارکردگی پر داد دی۔ اس موقع پر گرلز گائیڈزنے خاتونِ اوّل کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔