کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرکراچی ٹریفک پولیس نے یکم جنوری سے ’ٹریفک ایویڈینس سسٹم ‘ نافذ کردیا

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 20 جنوری 2016 15:03

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 20 جنوری۔2015ء) کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرکراچی ٹریفک پولیس نے یکم جنوری سے ’ٹریفک ایویڈینس سسٹم ‘ نافذ کردیا ہے جس کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کے گھروں پر چالان بھیجنے کاجاری ہے اور اب تک 1956چالان ہوچکے ہیں۔ٹریفک پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق اس سسٹم کے تحت شہر کے اہم چوراہوں اورسڑکوں پر کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں جن کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی تصاویر اور وڈیوذحاصل کرتے ہوئے جرم کی نوعیت کے مطابق چالان گاڑی مالک کے گھروں پر بھیجے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس نظام کے تحت یکم جنوری سے اب تک مجموعی طور پر 1956 گاڑیوں کے چالان مالکان کو ان کے گھروں پر بھجوائے جاچکے ہیں جن میں سے 5 سو مالکان نے اپنے جرمانے بھی ادا کردئیے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق چالان وصول ہونے کے 7 یوم کے اندر جرمانہ ادا نہ کرنے والی گاڑی محکمہ ایکسائز کے دفتر میں لاک جبکہ گاڑی کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

گاڑی کا مالک اگر یہ سمجھتا ہے کہ اس کی گاڑی کسی ٹریفک جرم میں ملوث نہیں تو وہ ڈی آئی جی ٹریفک کے دفتر میں قائم کا ؤنٹر پر2 سو روپے فیس جمع کراکے مکمل ویڈیو دیکھ سکتے ہیں۔ شہر کے مختلف اہم چوراہوں پر اس مہم سے عوامی آگاہی کے لئے بینر آویزاں کردیئے گئے ہیں۔ شہر کے سب سے اہم علاقے ’ریڈ زون‘ میں جگہ جگہ بینرز، ٹریفک پولیس اہکار اور گاڑیاں چالان کی غرض سے موجود ہیں۔

ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کا موقع پر ہی کمپیوٹر ائز چالان کرکے قریبی چوکی پر چالان کی رقم جمع کرانے کا بھی بندوبست ہے۔ نئے سسٹم کے تحت ٹریفک پولیس نے شہر کے اہم مقامات پر ویڈیو کیمرے نصب کیے ہیں جو مسلسل سڑک پر سے گزرنے والے ٹریفک کو تصویر کی شکل میں ریکارڈ کرتے رہتے ہیں، اس دوران کوئی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے یا سگنل توڑتا ہے تو اس کی تصویر اتار لی جاتی ہے۔

نمبر پلیٹ کی مدد سے ٹریفک ڈپارٹمنٹ میں موجود کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ سے گاڑی کے مالک کا نام و پتہ معلوم کیا جاتا ہے جس پر ٹریفک پولیس افسرچالان اور تصویری ثبوت خلاف ورزی کے مرتکب فرد کے گھر پہنچادے گا۔ڈی آئی جی ٹریفک عامر احمد شیخ کے ریڈر محمد ادریس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ نظام ضلع جنوبی اور ضلعی شرقی کے بعض علاقوں میں شروع کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے ایک افسر کے مطابق شہر بھر میں 1300سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جو 24گھنٹے کام کرتے ہیں اور ہمیں سینٹرل پولیس آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سیکشن میں ان کیمروں تک رسائی حاصل ہے۔ان کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے جو بھی شواہد ملتے ہیں، انہیں ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں قائم ٹی وی ای ایس سیل کو پہنچادیا جاتا ہے، شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد گاڑی کی نمبر پلیٹ کی مدد سے پتہ معلوم کرلیا جاتا ہے۔

فوری طور پر ٹریفک پولیس افسر کو چالان ٹکٹ اور تصویری ثبوت کے ساتھ خلاف ورزی کرنے والے کے گھر روانہ کردیا جاتا ہے۔پولیس افسر کا کہنا ہے کہ خلاف وزری کرنے والا اگر اپنی گاڑی فروخت کرنا چاہے تو اس وقت تک فائل ٹرانسفر نہیں ہوگی جب تک وہ جرمانہ ادا نہ کردے، واجب الادا تاریخ گرز جانے کی صورت میں جرمانے کی رقم بھی بڑھ جائے گی۔سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ ضلع جنوبی میں دو، دو کیمرہ مینوں کے ساتھ چھ موبائل تعینات کی گئی ہیں جو مختلف انٹرسیکشن پر ہر وقت سڑک کنارے موجود رہتی ہیں اور کیمرہ مین خفیہ طور پر ویڈیو ریکاڈنگ کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :