باچہ خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کا حملہ تعلیم پر حملہ ہے ،یہ حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،کسی مسلمان سے اس قسم کی شرانگیز کی توقع نہیں کی جاسکتی ،حملے کے پس پردہ مقاصد سے قوم کو آگاہ کیا جائے ، واقعے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے نشان عبرت بنایا جائے ،وفاق المدارس کے قائدین اور ملک بھر کے دینی مدارس کے اساتذہ وطلباء باچہ خان یونیورسٹی کے اساتذہ وطلباء کے ساتھ ہیں

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماوٴں شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ودیگر کا مذمتی بیان

بدھ 20 جنوری 2016 14:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماوٴں شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ،مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر ،مولانا محمد حنیف جالندھری اور مولانا انوا ر الحق نے کہا کہ باچہ خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گردوں کا حملہ تعلیم پر حملہ ہے ،یہ حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،کسی مسلمان سے اس قسم کی شرانگیز کی توقع نہیں کی جاسکتی ،حملے کے پس پردہ مقاصد سے قوم کو آگاہ کیا جائے ، واقعے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے نشان عبرت بنایا جائے ،وفاق المدارس کے قائدین اور ملک بھر کے دینی مدارس کے اساتذہ وطلباء باچہ خان یونیورسٹی کے اساتذہ وطلباء کے ساتھ ہیں۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے باچہ خان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے کو تعلیم پر حملہ قرار دیا اور سخت الفاظ میں اس کی مذمت کی اور واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

قائدین نے کہا کہ کسی مسلمان سے ایسی شرانگیز ی کی توقع نہیں کی جاسکتی ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی حملہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے نشان عبرت بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین اور ملک بھر کے مدارس کے اساتذہ وطلباء باچہ خان یونیورسٹی کے اساتذہ وطلباء کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔