باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہے، شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں،ایوان کو تمام تفصیلات آگاہ کیا جائے گا،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید

بدھ 20 جنوری 2016 14:06

اسلام آباد ۔ 20جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج‘ رینجرز اور خیبر پختونخوا پولیس کارروائی کر رہی ہے‘ واقعہ کی تمام تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔ دہشتگردی کے واقعہ کو صوبائی نکتہ نظر سے نہیں دیکھتے‘ یہ پاکستان پر حملہ سمجھا جاتا ہے‘ ہمیں اس معاملے پر کسی قسم کی تقسیم نہیں لانی چاہیے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے اس اہم مسئلہ پر بات چیت ہونی چاہیے‘ اس واقعہ کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا جانا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

اس کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ باچا خان یونیورسٹی میں المناک واقعہ ہوا ہے اس کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

دہشت گرد یونیورسٹی میں داخل ہوئے ہیں۔ پاک فوج‘ رینجرز اور کے پی کے پولیس کارروائی کر رہی ہے اور ایک ہیلی کاپٹر اس سارے عمل کی نگرانی کر رہا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یونیورسٹی کے تین ہزار طلباء مصیبت میں گھرے ہیں۔ ہمیں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی بھی فول پروف بنائی جائے اور اس معاملہ پر بحث کرائی جائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہے۔ شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔ واقعہ کی تمام تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔