انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں، سید علی گیلانی

بدھ 20 جنوری 2016 13:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں نے قتل عام کے متعلقہ دنوں پران علاقوں میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے جہاں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں یہ المناک سانحات پیش آئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہڑتال کی کال بزرگ حریت رہنما سید علی گیانی اور ہلال احمد وار سمیت دیگر حریت رہنماؤں نے دی ہے۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں ایک بیان میں گاؤ کدل میں قتل عام کے 26سال مکمل ہونے پر کل علاقے میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندواڑہ اور کپواڑہ کے قصبوں میں بالترتیب25اور27 جنوری کو ان شہداء کی یاد میں ہڑتال کی جائے گی جن کو بھارتی فوجیوں نے ان علاقوں میں متعلقہ دنوں پر قتل عام کرکے شہید کردیا تھا۔دریں اثناء بزرگ حریت رہنما نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں رونما ہونے والے قتل عام کے تمام واقعات کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان تنظیموں پر زور دیا کہ وہ قتل عام میں ملوث بھارتی فوج کے اہلکاروں کوسزا دلانے کے لیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت اور اس کی ایجنسیاں سخت کوششیں کررہی ہیں کہ کشمیری اپنے شہداء کو بھول جائیں ۔بھارت کے پالیسی ساز کشمیریوں کی نئی نسل کو تنازعہ کشمیر کے تاریخی پہلو اور آزادی کے لیے عوام کی جدوجہدسے لاعلم رکھنا چاہتے ہیں۔ حریت رہنما ہلال احمد وار نے بھی کل گاؤکدل میں ہڑتال کی کال دی ہے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :