بھارت کشمیریوں کوآزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتا، یاسین ملک

بدھ 20 جنوری 2016 13:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک نے گرفتاری کے بعد لوگوں کو غائب کرنے کو انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مجرموں کو سزا دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر کے علاقے راولپورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد لاپتہ ہونے والے منظور احمد ڈار کی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ ہونے والے افراد کے اہل خانہ کوذہنی اذیت سے گزرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اورمذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ شہداء کا خون رنگ لائے گا اور بھارت کشمیریوں کوآزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتاہے۔

(جاری ہے)

منظور احمد ڈار کو35سال کی عمر میں میجر کشور ملہوترہ جو اب بریگیڈئرہے کی کمان میں بھارتی فوجیوں کے ایک ٹولے نے گرفتار کرکے غائب کردیا تھا۔ ان کو19جنوری2002 ء کو فوجیوں نے ان کے گھرسے گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد اس کو کبھی نہیں دیکھا گیا۔

منظور کے اہل خانہ نے اس کی موت کااعتراف کرتے ہوئے منگل کو اس کی باضابطہ غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔یوں منظور احمد ڈار ان 8,000لاپتہ افراد میں سے پہلاشخص ہے جس کو اس کے اہل خانہ نے مردہ تسلیم کرلیا ہے۔ راولپورہ میں ایک احتجاجی دھرنے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جہاں شرکاء نے مقبوضہ علاقے میں حراست کے دوران لوگوں کو غائب کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا۔

متعلقہ عنوان :