مقبوضہ کشمیر:کپواڑہ سے تعلق رکھنے والا طالبعلم علی گڑھ میں لاپتہ،اہل خانہ تشویش میں مبتلا

بدھ 20 جنوری 2016 13:13

علی گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے علاقے کنن سے تعلق رکھنے والا طالبعلم عمر تیمور گیارہویں جماعت کے داخلہ امتحان میں شرکت کیلئے علی گڑھ گیاتھا جہاں وہ پر اسرار طور لاپتہ ہوگیا ہے اور اس کے اہل خانہ اس کی سلامتی کے بارے میں شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر تیموردسویں جماعت میں کامیابی کے بعد ایک ماہ قبل اتر پردیش کے شہر علی گڑھ روانہ ہوا جہاں وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں 11ویں جماعت کے داخلہ امتحان کی تیاری کیلئے یونیورسٹی کے نزدیک ہی ایک کوچنگ سینٹر جایا کرتا تھا۔

عمر تیمور کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ11جنوری تک ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا اور اسی روز اْس نے آخری بار گھر فون کیا تھالیکن تب سے اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

عمر تیمور کا چچیرا بھائی علی گڑھ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کررہا ہے اوروہ اسی کے ساتھ اسکی عارضی رہائش گاہ پر مقیم تھا۔عمر11جنوری کی دوپہر کسی کام کیلئے باہر گیا اور پھر واپس نہیں لوٹا۔عمر کے چچیرے بھائی بلال احمدکا کہنا ہے کہ انہوں نے عمر کو ہر ممکنہ جگہ پر تلاش کیا لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا جس کے بعد پولیس اسٹیشن سول لائنز علی گڑھ میں اسکی گمشدگی کے بارے میں ایف آئی آردرج کرائی گئی ہے تاہم پولیس ابھی تک اس کا پتہ نہیں لگا سکی ہے ۔