فاسٹ باؤلر جنید خان نے محمد عامر کی واپسی کو خوش آئند قرار دیدیا

بدھ 20 جنوری 2016 12:28

فاسٹ باؤلر جنید خان نے محمد عامر کی واپسی کو خوش آئند قرار دیدیا

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء)فاسٹ باوٴلر جنید خان نے محمد عامر کی واپسی کو پاکستان کرکٹ کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قومی ٹیم میں مسابقتی فضا میں اضافہ ہو گا۔جنید خان نے عامر کی واپسی مثبت امر قرار دیتے کہا کہ اس سے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کیلئے مقابلہ سخت ہو جائے گا جو پاکستان کرکٹ کیلئے اچھی خبر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سہیل تنویر، راحت علی، محمد عرفان، سہیل خان اور وہاب ریاض میں بہترین فاسٹ باوٴلرز دستیاب ہیں اور ہم سب پاکستان ٹیم میں جگہ کے حصول کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ ابھی جو کھلاڑی کھیل رہے ہیں انہیں اچھی کارکردگی دکھانی ہو گی ورنہ ان کی جگہ کوئی اچھا باوٴلر آ جائے گا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے اچھی علامت ہے کیونکہ اس سے ناصرف بہترین مقابلے کی فضا پیدا ہو گی بلکہ ساتھ ساتھ سلیکٹرز کے پاس بھی انتخاب کیلئے کافی آپشن ہوں گے۔

(جاری ہے)

اپنی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے سوال پر فاسٹ باوٴلر کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے باوٴلرز کو بھی چند مسائل کی وجہ قومی ٹیم میں کم بیک کرنا پڑا، کسی کے پاس بھی منتخب ہونے کا حق نہیں کیونکہ اس کا انحصار محض کارکردگی پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں مایوس نہیں ہوا، مجھے ڈومیسٹک کرکٹ، پاکستان اے یا جس بھی ٹیم کی میں نمائندگی کروں، اس کیلئے پرفارم کرنے کی ضرورت ہے۔

جنید نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کے کیریئر میں اتار چڑھاوٴ آتے رہتے ہیں اور میں دونوں کا ہی تجربہ کر چکا ہوں لیکن میں اپنے مستقبل کے بارے میں پرامید ہوں اور پاکستان کی دوبارہ نمائندگی کا موقع ملنے کا منتظر ہوں۔پاکستان سپر لیگ کے بارے میں سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے پاس اچھا موقع ہے کہ ہم دنیا کو دکھا سکیں کہ ہم بھی ایک عالمی معیار کی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا انعقاد کر سکتے ہیں۔پشاور زلمی کی نمائندگی کے بارے میں فاسٹ باوٴلر نے کہا کہ میں کسی بھی ٹیم کی نمائندگی کر کے خوشی محسوس کرتا لیکن پٹھان ہونے کے ناطے پشاور کیلئے کھیلنا اپنے آپ میں خاص ہو گا۔