وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

وزیراعظم اہم اقتصادی اورسیاسی قائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گے

بدھ 20 جنوری 2016 12:16

زیورخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء) عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم نواز شریف سوئٹزرلینڈپہنچ گئے،وزیراعظم اہم اقتصادی اورسیاسی قائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔سوئٹزرلینڈ میں عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس شروع ہو گیا ہے،اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر اعظم نواز شریف سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔ایران کے دورے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف سوئٹزرلینڈ پہنچے، وزیر اعظم ڈیوس فورم میں علاقائی استحکام اور روابط سے متعلق پاکستان کا وژن پیش کریں گے، وہ پاکستان میں تجارتی مواقع سے متعلق موضوع پر اظہار خیال اور علاقائی استحکام اوررابطے مضبوط کرنے سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

ڈیوس فورم کے موقع پر وزیراعظم اہم سیاسی و اقتصادی رہنماوں سے ملاقات بھی کریں گے،سوئٹزرلینڈ میں عالمی اقتصادی فورم 4 روز جاری رہے گا، اس دوران عالمی معیشت ، تیل کے بحران ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال ، پناہ گزینوں کی آبادکاری اور دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے پہلے دن یورپ میں بڑھتی ہوئی عدم مساوات اور بحران سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ اقدامات پر زور دیا جائیگا۔ ڈیوس فورم میں 100 سے زائد ملکوں کے 40 سربراہ مملکت ،15 سو صنعتکار اور تاجر رہنماوں سمیت 2 ہزار5سو مندوبین شرکت کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :