میں پوری زندگی صرف اداکاری نہیں کرنا چاہتی‘اداکارہ کنگنا رناوٹ

بدھ 20 جنوری 2016 11:52

میں پوری زندگی صرف اداکاری نہیں کرنا چاہتی‘اداکارہ کنگنا رناوٹ

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جنوری۔2016ء)بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ نے وقت گزرنے کے ساتھ فلموں کو بیزار کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی پوری زندگی صرف اداکاری نہیں کرنا چاہتی۔اپنے ایک انٹرویو میں کنگنا کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2015 سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کی ذاتی زندگی بھی بہتری کی جانب بڑھی ہے۔

ان کا کہنا تھا ’میں بہت زیادہ سفر کرنا چاہتی ہوں، اس کے ساتھ ساتھ میں خود کو بھی کافی وقت دینا چاہتی ہوں جیسے نئی کتابیں پڑھنا، کچھ نیا کرنا، نئے ڈانس سیکھنا یا موسیقی سیکھنا۔ میں اس کے ساتھ کچھ کانفرنسز اور فیشن شوز میں بھی شرکت کرنا چاہتی ہوں، مجھے ایسے کام کرنا پسند ہیں جن کا تعلق فلموں سے نہ ہو کیوں کہ ایک وقت ایسا آئے گا جب فلمیں بورنگ ہوجائیں گی اور میں ہمیشہ اداکاری نہیں کرنا چاہتی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کنگنا رناوٹ کو حال ہی میں سلمان خان کے ساتھ بھی ایک فلم آفر کی گئی تھی تاہم کنگنا نے اس میں اداکاری سے معذرت کرلی تھی۔کنگنا کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے کیرئیر میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کسی خان کی ضرورت نہیں۔اس حوالے سے کنگنا کا مزید کہنا تھا کہ وہ فلموں میں کسی غلط وجوہات کے باعث کام نہیں کرنا چاہتی اور اس کا تعلق کسی ایک انسان سے نہیں۔کنگنا رناوٹ اس وقت شاہد کپور اور سیف علی خان کے ہمراہ فلم ’رنگون‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔