ملک کے مختلف حصے شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے، حادثات میں 20افراد زخمی

بدھ 20 جنوری 2016 11:21

اسلام آباد /لاہور /لیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء ) ملک کے مختلف حصے شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے،مختلف واقعات وحادثات میں 20افراد زخمی ہوگئے ، دھند کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مقامی اور چار بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئیں ، ملتان ائیرپورٹ سے بھی فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا،محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کی پیشگوئی کی ۔

پنجاب کے مختلف شہر دھند کی لپیٹ میں آگئے ۔ دھند کے باعث لاہور ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ مدینہ ، جدہ اور ابوظہبی سے آنے والی تین پروازیں جبکہ لاہور سے ابوظہبی اور کراچی جانے والی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 5 پروازیں تاخیر کا شکار بھی ہوئیں۔ دھند کی وجہ سے ملتان ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔

کراچی سے آنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز کو کراچی جبکہ دبئی سے آنے والی نجی ائیرلائن کی پرواز کو واپس بھیج دیا گیا۔ ادھر موٹر وے کے بعض علاقے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے۔ چنیوٹ میں سرگودھا روڈ پر دھند کی وجہ سے کالج وین الٹ گئی، حادثے میں 18 طالبات زخمی ہوئیں ،جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔وین چناب نگرسے سرگودھا یونیورسٹی جارہی تھی۔

شورکوٹ میں حویلی بہادر شاہ کے قریب 2 موٹرسائیکلیں ٹکر انے سے 2افراد زخمی ہوئے،سندھ میں جیکب آباد،سکھر،نواب شاہ اور بدین سمیت کئی شہر بھی دھند کی لپیٹ میں آگئے۔ملتان ائیر پورٹ کے ذرائع کے مطابق شدید دھندکے باعث ائیرپورٹ پروازوں کے لئے بندکردیاگیا۔تازہ ترین صورتحال کے مطابق پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے اور بالائی سندھ شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے۔

سب سے کم حد نگاہ شہید بینظیر آباد میں 5 میٹر جبکہ بہاولپور 20، اوکاڑہ ، لیہ، رحیم یار خان 50، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ 100, ملتان 200،ڈی جی خان، فیصل آباد، منگلا 300 ، جھنگ 500، سیالکوٹ، جہلم 600، لاہور800 میٹر ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم ،پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنیکا امکان ہے۔

ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں سکردو منفی 11،استور منفی 10، کالام، گوپس منفی 07، راولاکوٹ منفی 06، دیر، ہنزہ، گلگت منفی 05، پارہ چنار، ژوب، کوئٹہ منفی 04 ، دالبندین منفی 03، مالم جبہ منفی 02، بونجی، سبی، ایبٹ آباد، لوئیر دیر، بنوں میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :