کراچی، سپرہائی وے اور لیاری میں رینجرز کی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک

بدھ 20 جنوری 2016 11:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء ) رینجرز سے سپرہائی وے اور لیار ی میں مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے سپرہائی وے پر خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تو علاقے میں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے بعد رینجرز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے جب کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن کی شناخت شمشیرخان،عطا اللہ عرف پٹھان اور ظہیر عرف زفیر پٹھان کے نام سے ہوئی جب کہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، پولیس اہلکاروں کے قتل، بم حملے اوربھتہ خوری سمیت ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لیاری میں رینجرز سے ہونے والے مقابلے کے دوران بابالاڈلا گروپ کے 2 کارندے مارے گئے۔

رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کی شناخت عادل عرف رندعرف سلمان،معید کے نام سے ہوئی جب کہ ہلاک ملزمان ٹارگٹ کلنگ،بم حملوں،اغوابرائے تاوان،بھتاخوری میں ملوث تھے۔ لیاری کے علاقے گل محمدلین میں مقابلے کے دوران 2 ملزمان مارے گئے، ملزمان عادل عرف رند اور معیدکا تعلق گینگ وار کے بابا لاڈلا گروپ سے تھا اور وہ رینجرز پرفائرنگ، پولیس اہلکاروں سمیت شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ، دستی بم حملوں، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں ملوث تھے۔

دوسری جانب بلدیہ ٹاوٴن محمد خان کالونی میں محکمہ انسداد دہشتگردی اور حساس ادارے کی کارروائی کے دوران 10 دہشتگردوں کو گرفتارکیا گیا ، دہشتگردوں کے قبضے سے ایک بارود سے بھرا رکشہ، دیگر دھماکہ خیزمواد اور اسلحہ برآمد کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :