جنرل راحیل شریف کی ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی سے ملاقات

ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے وسیع تر مسلم اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، آرمی چیف دہشتگردی کی لعنت کا مقابلہ صرف مربوط رد عمل سے ہی کیا جا سکتا ہے، ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے مواصلاتی ذرائع کاقیام ضروری ہے ، سربراہ پاک فوج

منگل 19 جنوری 2016 22:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے وسیع تر مسلم اتحاد کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کی لعنت کا مقابلہ صرف مربوط رد عمل سے ہی کیا جا سکتا ہے ، ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے مواصلاتی ذرائع کاقیام ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے منگل کو ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی سے ملاقات کی ۔ علی شمخانی ایرن کے سپریم لیڈر آیت اﷲ علی خامنائی کے عسکری مشیر بھی ہیں ۔ ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی سے متعلق امور زیر غور لائے گئے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ علاقائی سلامتی اور استحکام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے مواصلاتی ذرائع قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے وسیع تر مسلم اتحاد وقت کی ضرورت ہے دہشتگردی کی لعنت کا صرف مربوط رد عمل کے ذریعے ہی مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔