بیہودہ اور فحش پروگرام ، پیمرا نے نجی ٹی وی چینل کو 10 لاکھ روپے جرمانہ کردیا

منگل 19 جنوری 2016 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) پیمرا نے سماء ٹی وی چینل کو انتہائی فحش اور غیر اخلاقی پروگرام نشر کرنے اور نشریات میں مؤثر ایڈیٹوریل کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کردی ۔ منگل کو پیمرا کے ترجمان کے مطابق سماء ٹی وی کے پروگرام "واردات" 22جولائی 2015؁ء میں ایک جرم کی کہانی کی ڈرامہ سازی کے دوران ایک لڑکے نے لڑکی کواپنے موبائل فون کے ذریعے انتہائی فحش پیغام بھیجا جو من و عن سماء ٹی وی پر دِکھایا گیا۔

جس سے نہ صرف عوامی جذبات مجروح ہوئے بلکہ پیمرا کو بھی سخت عوامی ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ مزید برآں ایسے جرم کی تمثیل کاری اور لکھے گئے الفاظ نہ صرف مروجہ سماجی، ثقافتی اور مذہبی قدروں کے منافی تھے بلکہ پیمرا قوانین اورسپریم کورٹ کے نافذ کردہ ضابطہ ٔ اخلاق کے بھی صریحاً خلاف تھے۔

(جاری ہے)

جس کاپیمرانے سخت نوٹس لیتے ہوئے چینل انتظامیہ کو مؤرخہ 29جولائی 2015؁ء کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا اور14یوم کے اندر جواب طلبی کی تھی ۔

چینل کی طرف سے خاطر خواہ جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں مذکورہ کیس پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کراچی کے سپرد کیا گیا تاکہ چینل کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت فیصلہ کیا جائے۔لہٰذا کونسل آف کمپلینٹس کراچی، جس کی صدارت پروفیسر انعام باری نے کی ، نے اپنے 14جنوری 2016؁ء کے منعقدہ اجلاس میں سماء ٹی وی چینل کے نمائندوں کا مؤقف سننے اور تمام ریکارڈنگ دیکھنے کے بعد متفقہ طور پر چینل پردس لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی۔

کونسل آف کمپلینٹس نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ایسی کسی بھی مزید خلاف ورزی کی صورت میں سماء چینل کے لائسنس کو یا معطل کیا جائے یا منسوخ کر دیا جائے۔کونسل نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ باقی تمام چینلز کو بھی ایک سرکلر جاری کیا جائے کہ وہ جرائم سے متعلقہ پروگرام نشر کرتے ہوئے حد درجہ احتیاط کریں۔کونسل آف کمپلینٹس کی سفارش کے مطابق جرمانے کے اطلاق کے لیے سماء چینل کا کیس اتھارٹی کے آئندہ اجلاس میں مزید کاروائی کیلئے پیش کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :