Live Updates

عمران خان ایک مرتبہ پھر سنی سنائی باتو ں سے بہک گئے، پرانی تصویر دیکھ کر اور اپنے میڈیا سیل کی غلط معلومات پر سلمان شہباز کی وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب میں موجودگی کے الزام پر مبنی بیان دے ڈالا، سلمان شہباز کا معافی مانگنے کا مطالبہ

تحریک انصا ف کے سربراہ کو کمزور معلومات دینے پر پہلے بھی کئی مرتبہ ہزیمت کا سامنا رہاہے ، تجزیہ کاروں کا ردعمل

منگل 19 جنوری 2016 21:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ایک مرتبہ پھر بہک گئے، پرانی تصویر دیکھ کر اور اپنے میڈیا سیل کی غلط معلومات پر سلمان شہباز کی وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب میں موجودگی کے الزام پر مبنی بیان دے ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز وزیراعظم کی سعودی حکمرانوں کے ساتھ ملاقات میں موجود تھے ، قوم کو بتایا جائے کہ وہ وہاں کیوں تھے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کا یہ دعویٰ غلط نکلا کیونکہ سلمان شہباز پاکستان میں موجود ہیں جبکہ سلمان شہباز نے بھی عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جھوٹے دعوے پر قوم سے معافی مانگیں، بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی یہ عام عادت ہے کہ وہ سنی سنائی باتوں پر بغیر تحقیق کئے بھی بیان دے دیتے ہیں اور اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر پہلے بھی کئی مرتبہ ان کو ہزیمت کا سامنا بھ کرنا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہیں پرانے وقتوں میں میڈیا پر غلطی سے وزیراعظم، سلمان شہباز اور سعودی حکمرانوں کی نشر ہونے والی تصویر دیکھ لی جو کہ فائل فوٹو تھی، اس پر عمران خان نے سلمان شہباز کے خلاف بیان دے دیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے میڈیا سیل نے خود اپنے قائد کو گمراہ کرتے ہوئے سلمان شہباز کے سعودی عرب میں موجود ہونے کے حوالے سے غلط معلومات فراہم کیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان شہباز ہرگز وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر نہیں گئے بلکہ وہ پاکستان میں ہی موجود ہیں

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات