مہاجروں کو قومی ایشوز سے ہٹاکر بے بنیاد علاقائی مسائل میں الجھادیا گیا، ڈاکٹر سلیم حیدر

منگل 19 جنوری 2016 21:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء ) بانی تحریک مہاجر صوبہ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر نوجوان مہاجر صوبہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ یہی تحریک مہاجروں کی مستقبل کی ضامن ہے۔ 38 سالوں سے سندھ کے نسل پرست حکمرانوں نے مہاجروں کو اقتدار کی لولی پاپ اور اختیارات کے چکر میں اُلجھایا ہوا ہے اور ان سیاسی چال بازیوں کے ذریعے اب سندھ کی بیوروکریسی کا کراچی پر 100فیصد قبضہ ہوچکا ہے۔

کراچی جو مہاجروں کا قلعہ تصور کیا جاتا تھا آج وہاں کا کمشنر بھی سندھی کو لگایا گیاہے۔ تمام اداروں اور تعلیمی مراکز میں مہاجروں کو تیسرے درجے کے شہریوں کے سلوک کا سامنا ہے۔ اس صورتحال میں مہاجر قیادت کے دعویدار ذاتی مفاد اور ذاتی مراعات سے باہر نکلنے کو ہی تیا ر نہیں۔

(جاری ہے)

برسہا برس سے اقتدار میں رہنے والے ان ناعاقبت اندیش عناصر نے مہاجروں کی حیثیت اور ساخت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے جس کے باعث آج مہاجر احساس محرومی کا شکار ہوگئے ہیں۔

اور اگر اس کا تدراک نہ کیا گیا تو پھر مہاجروں میں بغاوت کا عنصر پیدا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ مہاجروں کے بنیادی مسائل کو پس پشت ڈال کر برسہا برس سے اقتدار کے مزے لوٹنے والوں کو اب ماضی سے سبق سیکھنا ہوگا کیونکہ قوم کو زیادہ عرصے اندھیرے میں رکھ کر جذباتی نعروں کے ذریعے نہیں بھیلایا جاسکتا ، مہاجر آج دست نگر بنادیئے گئے ہیں انہیں قومی ایشوز کے بجائے گٹر کے ڈھکنوں، نالوں کی صفائی اور کچرا اُٹھانے جیسے معاملات میں الجھاکر انہیں بیوقوف بنایا جارہا ہے۔