پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ،بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے‘میاں مقصوداحمد

جب تک ہم اپنے وسائل کوبروئے کار نہیں لائیں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

منگل 19 جنوری 2016 19:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کاانحصار معدنی وسائل پر ہوتا ہے،الحمدﷲ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے،بلوچستان سمیت دیگر صوبوں میں کوئلے کے وسیع ذخائرموجود ہیں،تھرمیں کوئلے کے ذخائر85ارب ٹن سے زائد ہیں۔بلوچستان،سندھ اور پنجاب میں کوئلے کی موجودگی کابھی انکشاف ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 1970میں13لاکھ ٹن کوئلہ نکالاجارہا تھا،1980میں 15لکھ ٹن جبکہ اب 53لاکھ ٹن کوئلہ نکالاجارہا ہے۔اگر حکومت پاکستان سنجیدگی سے توجہ دے تویہ کوئلہ قوم کو درپیش بدترین توانائی بحران نجات دلانے کے لئے کافی ہوسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ ماہرین ارضیات کے مطابق بلوچستان معدنیات کے بیش بہاخزانوں سے بھراپڑا ہے مگر وہاں پرزیادہ آمدورفت نہ ہونے،جدیدٹیکنالوجی کی عدم دستیابی و دیگر کئی وجودہات کی بناپر ان علاقوں کے معدنی وسائل سے صحیح معنوں میں فوائد حاصل نہیں کئے جارہے۔

(جاری ہے)

ملک میں لوہے اور گیس سمیت سونے،تانبے اور گرومائیٹ کے وسیع ذخائرموجود ہیں۔لوہے کاکسی بھی ریاست کی صنعتی ترقی میں بنیادی کردار ہوتاہے کیونکہ لوہے کو استعمال کرکے ہی بڑی بڑی بھاری مشینیں،ریلوے،ہوائی جہاز،بحری جہاز،کاریں،پل اورعمارتوں کی تعمیر کی جاسکتی ہے۔1974میں اسٹیل مل کاقیام عمل میں لایاگیا مگر ہر دور کے حکمرانوں کی نااہلیوں کے باعث آج اسٹیل مل مسلسل خسارے کی وجہ سے نجکاری لسٹ میں شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اگرچہ معدنی وسائل کی تلاش کے حوالے سے کام کررہی ہے مگر ان دریافت شدہ وسائل کونکالنا،ان کو استعمال میں لاکر ملکی زرمبادلہ بچاناشاید حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں۔جب تک ہم اپنے وسائل کوبروئے کار نہیں لائیں گے تب تک ملک کی صنعت کوترقی دیتے ہوئے خوشحالی کی جانب گامزن کرنا ممکن نہیں۔