گورنرخیبرپختونخوا کی جانب سے کارخانومارکیٹ خودکش دھماکے کی شدید مذمت، پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی

پوری قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہے ،بزدلانہ حملوں سے دہشت گردی کیخلاف حکومت، سیکورٹی فورسز ،قوم کا عزم کمزور نہیں ہو گا،سردارمہتاب احمدخان

منگل 19 جنوری 2016 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء)گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود میں کارخانو مارکیٹ کی خاصہ دارچیک پوسٹ کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیاہے۔منگل کے روز ہونے والے اس خودکش بم دھماکہ کی اطلاع ملنے پر گورنرسردار مہتاب احمد خان نے فوری طور پرپولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی کو ٹیلیفون کرکے ان سے دھماکے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

انہوں نے پولٹیکل ایجنٹ کوہدایت کی کہ دھماکہ کے زخمیوں کے علاج کے لیے پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں فوری طور پر ضروری انتظامات کیے جائیں اور زخمیوں کو سرکاری خرچ پر علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے ہدایت کی کہ اس واقعہ کو ایک چیلنج سمجھتے ہوئے دیگر سیکورٹی اداروں کے تعاون سے اس واقعہ کی جامع تحقیقات کی جائیں تاکہ دھماکے میں ملوث افراد، سہولت کاروں اور ماسٹر ما ئنڈ کے خلاف فوری کارروائی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گورنر نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مالی اعانت کسی انسانی زندگی کا نعم البدل نہیں تاہم مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اورپوری قوم جاں بحق اور زخمی افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔

(جاری ہے)

گورنرسردارمہتاب احمدخان نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے دہشت گردی کے خلاف حکومت، ہماری سیکورٹی فورسز اور قوم کا عزم کمزور نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اس انتہائی انسانیت سوز اورظالمانہ اقدامات میں ملوث عناصر کوقانون کے گرفت میں لاکر قرارواقعی سزا دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی۔گورنر نے شہداء کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی ظاہرکی اور ان کے درجات میں بلندی اور پسماندگان کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبروحوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق کیلئے دعاکی جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔