سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس، صوبے میں 53مدارس کا طلبہ کو عسکری تربیت دینے کا انکشاف

رپورٹس کی روشنی میں اعلی سیاسی اور عسکری قیادت کا صوبے میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ

منگل 19 جنوری 2016 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں منگل کو صوبائی ایپیکس کمیٹی کا اجلاس چیف منسٹر ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ، صوبائی وزیر داخلہ انور سہیل سیال ، وزیر خزانہ مراد علی شاہ، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد، کراچی آپریشن اور مجرموں کے خلاف عدالت میں زیر سماعت مقدمات میں پراسیکیوشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی سندھ نے بتایا کہ ایک ماہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 9ہزار 562 پستول، 996شاٹ گن، 391کلاشنکوف، 20ایل ایم جی اور 11 ایس ایم جی برآمد کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبے میں مدارس کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں انکشاف کیا گیا کہ سندھ میں 6711 مدارس کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے جب کہ 937 مدارس نے تاحال رجسٹریشن ہی نہیں کرائی اور 53 مدارس اپنے طلبہ کو عسکری تربیت دینے میں ملوث ہیں۔ رپورٹس کی روشنی میں اعلی سیاسی اور عسکری قیادت نے صوبے میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :