پاکستان بلغاریہ سے پارلیمانی اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کاخواہاں ہے،،دونوں ممالک میں تجارت اور دیگر معاشی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں، دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے تاجر وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بلغاریہ کیلئے نامزد سفیر سے ملاقات میں گفتگو

منگل 19 جنوری 2016 18:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلغاریہ کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور پاکستان پارلیمانی اور اقتصادی روابط کو فروغ دیکر انہیں مزید وسعت دینے کاخواہاں ہے ،دونوں ممالک میں تجارت اور دیگر معاشی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں ،ان کو دونوں ممالک کی عوام کے بہترین مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ، پاکستان بلغاریہ کے ساتھ ثقافت ، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتاہے ،دونوں ممالک میں تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے تاجر برادری کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے ۔

وہ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں بلغاریہ کے لئے نامزد سفیر اے ایس بابر ہاشمی سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاک بلغاریہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور پاکستان پارلیمانی اور اقتصادی روابط کو فروغ دیکر انہیں مزید وسعت دینے کاخواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت اور دیگر معاشی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جنہیں دونوں ممالک کی عوام کے بہترین مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بلغاریہ کے ساتھ ثقافت ، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتاہے۔ انہوں نے دونوں ممالک میں تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے تاجر برادری کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

سردار ایاز صادق نے ایس۔اے۔ہاشمی کی پاکستان کی وزارت خارجہ کے لئے سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختلف ممالک میں اپنی سفارتی خدمات کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو نئی جہتیں دیں۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایس۔اے۔ہاشمی اپنی سفارتی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے بلغاریہ میں پاکستان کے مفاد کو تحفظ دیں گے اور پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے۔بلغاویہ کے لئے نامزد سفیر اے۔ایس۔بابر ہاشمی نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ حکومت کی طرف سے ان پر کئے گئے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔