سی ڈی اے کا اسلام آباد آپریشن فوری بند کیا جائے، چودھری شجاعت حسین

منگل 19 جنوری 2016 17:02

لاہور،اسلام آباد((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ہاؤس اور دیگر سیاسی جماعتوں کے دفاتر کو سیل کرنا نہایت احمقانہ اقدام ہے، پچھلے ہفتے سی ڈی اے نے تمام سفارتخانوں کو نوٹس جاری کیا تھا کہ وہ رہائشی علاقوں سے باہر نکل جائیں، اسی طرح ریسٹورنٹس کو بھی نوٹس جاری کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں 60 فیصد ایسے گھر ہوں گے جو کہ کرائے پر دے رکھے ہیں جس کو کمرشل استعمال کے زمرے میں لایا جا رہا ہے، اس طرح تو وکلاء صاحبان اور ڈاکٹروں نے بھی اپنے گھروں میں شام کو بیٹھنے کیلئے کمرے مخصوص کر رکھے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اگر سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے دفاتر سیل کیے گئے ہیں تو پھر رہائشی علاقوں میں رہنے والے بہت سے وفاقی وزراء کے گھر جہاں پر سیاسی سرگرمیاں ہوتی ہیں ان کو بھی سیل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس تو ساری دنیا میں شہریوں کی سہولت کیلئے رہائشی علاقوں میں ہی بنائے جاتے ہیں، سفارتخانوں کو ڈپلومیٹک انکلیو میں جگہ دی جائے اور دفتر یا مکان تعمیر کرنے کیلئے وقت دیا جائے۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ سی ڈی اے کے بہت سے ملازمین ایسے ہیں جنہوں نے اپنے گھر کرائے پر دے رکھے ہیں اور خود سرکاری رہائش گاہوں میں رہ رہے ہیں ان کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کئی مسائل میں گھرا ہوا ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ ان مسائل کی طرف توجہ دے نہ کہ بلاجواز اس طرح کے کام کر کے لوگوں کو پریشان کرے۔

متعلقہ عنوان :