کارکن اختلافات ختم کر کے عام الیکشن کی تیاریاں شروع کریں،بلاول بھٹو

منگل 19 جنوری 2016 16:50

صوابی ((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ جلد تمام صوبوں کا دورہ کر کے جلسے اور ریلیوں کی قیادت کرینگے، نانا ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ بے نظیر بھٹو کے افکار کے مطابق عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں پی پی پی ضلع صوابی کے صدر جاوید اقبال انقلابی اور جنرل سیکرٹری علی خان کی قیادت میں پارٹی وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کارکن اختلافات ختم کر کے عام الیکشن کی تیاریاں شروع کریں پارٹی کے اندر تمام فیصلے مشاورت سے کئے جائیں گے جب کہ بلاول ہاؤس میں کارکنوں کے لئے شکایت سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستانی عوام پی پی پی کی طرف دیکھ رہے ہیں صرف پی پی پی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے اور یہی جماعت اس ملک کے غریب اور بے کس لوگوں کی آخری امید ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پی پی پی دوبارہ اقتدار میں آئے گی اس موقع پر جاوید اقبال نے بلاول بھٹو کو صوابی میں جلسہ عام منعقد کر نے کی دعوت بھی دی