خیبر ایجنسی، کارخانوں چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھماکہ، 12 افراد جاں بحق،22زخمی

منگل 19 جنوری 2016 15:13

خیبر ایجنسی/پشاور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) خیبر ایجنسی کے علاقہ جمرود کی کارخانوں چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھماکہ میں 12 افراد جاں بحق جبکہ22زخمی، زخمیوں کو پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا،زخمیوں میں پانچ کی حالت نازک ہے ، نشانہ جمرود لائن آفیسر تھا، جاں بحق ہونے والوں میں ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر محبوب آفریدی بھی شامل تھے،صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم میاں نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،وزیراعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک سمیت سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز کارخانوں چیک کے قریب خود کش دھماکہ ہوا جس میں جمرود کے اسسٹنٹ لائن آفیسر نواب شاہ اور صحافی محبوب شاہ سمیت بارہ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بائیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے کمپلیکس ہسپتال پشاور منتقل کیا گیا جہاں آٹھ افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے دیگر جاں بحق ہونے والوں میں حوالدار رازق،حوالدار صاحب گل اشفاق اور عدنان شامل ہے جبکہ ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا اور جو ہی لائن آفیسر کے قریب پہنچا انہوں نے دھماکے سے اپنے اپ کو اڑا دیا۔دھماکے کے فوراً بعد ایف سی اور خاصہ دار فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اس پاس کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔خیبر ایجنسی کے صحافی برادری نے محبوب شاہ آفریدی کی موت کو قبائلی صحافیوں کے لئے ناقابل برداشت صدمہ قرار دیدیا۔