ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3اغواء کارمارے گئے ‘4پولیس اہلکار زخمی

منگل 19 جنوری 2016 15:13

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) چیچہ وطنی کے جنگل میں مبینہ پولیس مقابلہ میں 3اغواء کار مارے گئے جبکہ 4پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل سرکاری بلڈنگ کے ٹھیکیدار عمران حمید کو اغواء برائے تاوان کیلئے اغواء کیاگیا جس کے بعد ملزما ن نے گرفتاری کے خوف سے عمران حمید کو نشہ آور چائے پلانے کے بعد ہاتھ پاؤ ں باندھ کر گلا دبا کر قتل کردیا اورشریف کالونی ساہیوال کے نزدیک اسے گڑھا کھود کر دفن کردیا ۔

قتل کے باوجود ملزمان نے 8لاکھ25ہزارروپے تاوان وصول کیا اور روپوش ہو گئے۔ ڈی پی او ساہیوال سید باقر رضا نے اطلاع ملنے کے بعد تھانہ سول لائن میں اغواء برائے تاوان کا مقدمہ درج کرادیا اور سی آئی اے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹاسک دیا۔

(جاری ہے)

جس نے 4روزقبل ایک ملزم اعجاز وٹو کو گرفتار کیا ۔ دوران تفتیش انکشاف پر نعش برآمدکرلی۔ ملزم کے ایک اور ساتھی رمضان کو بھی گرفتار کرلیا ۔

آج پولیس تیسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے لے جارہی تھی کہ ملزمان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کردی ۔جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں دونوں اغواء کار رمضان ‘ اعجاز وٹو اور ان کا نامعلوم ساتھی ہلاک ہوگیا جبکہ مبینہ پولیس مقابلہ میں سی آئی اے کے ایس آئی امجد اور 3کانسٹیبلان یونس ‘عثمان اور نوید بھی زخمی ہو گئے۔ پولیس نے نعشوں کو قبضہ میں لیکرپوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتا ل ساہیوال روانہ کردیا۔

متعلقہ عنوان :