حسین حقانی کاملک دشمن کردار کھل کر سامنے آ گیا، ایف 16 کی پاکستان حوالگی کے مخالف نکلے

سیاسی و سفارتی حلقوں کا تشویش کا اظہار ،سابق سفارتکار کی ملک دشمن سرگرمیوں م پر قانو نی کارروائی کا مطالبہ میمو گیٹ سکینڈل میں حسین حقانی کا کردار مشکوک تھا ، دفتر خارجہ کو بائی پاس کر کے براہ راست ایوان صدر رابطے کرتے تھے سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کی تصدیق

منگل 19 جنوری 2016 15:11

حسین حقانی کاملک دشمن کردار کھل کر سامنے آ گیا، ایف 16 کی پاکستان حوالگی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کا میمو گیٹ سکینڈل کے بعد امریکہ سے ایف 16 طیارے پاکستان کے حوالے کرنے سے متعلق ایک اور ملک دشمن کردار کھل کر سامنے آ گیا جس پر سیاسی و سفارتی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حسین حقانی کیخلاف ملک دشمن سرگرمیوں میں کردار ادا کرنے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کر دیا ہے جبکہ اس دور کے سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے بھی وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کی میمو گیٹ سکینڈل میں حسین حقانی کا کردار مشکوک تھا اور وہ دفتر خارجہ کو بائی پاس کر کے براہ راست ایوان صدر میں رابطے کرتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے خواجہ آصف نے یہ بیان دیا کہ بھارتی لابی کے علاوہ پیپلز پارٹی دور کے سابق سفیر حسین حقانی اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ امریکہ پاکستان کو 8 ایف 16 طیارے نہ دے۔

(جاری ہے)

ان کے اس بیان کے بعد ملک میں ایک مرتبہ پھر نئی بحث شروع ہو گئی ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ حسین حقانی کا میمو گیٹ سکینڈل کے بعد ایف 16 طیاروں سے متعلق کردار کھل کر سامنے آ گیا ہے اور وہ اپنے انٹرویوز و امریکی اخبار میں لکھے گئے مضامین میں یہ کہا گیا ہے کہ امریکہ پاکستان کو ایف 16 طیارے نہ دے کیونکہ یہ بھارت کے خلاف استعمال ہوں گے جبکہ سابق و زیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے جو بات کی ہے حسین حقانی کے مشکوک کردار سے متعلق ان کے پاس کوئی شواہد موجود ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں و زیر خارجہ تھا تو حسین حقانی دفتر خارجہ کو بائی پاس کرتے تھے اور براہ راست ایوان صدر سے ہدایات لیتے تھے میں نے ان کو کئی بار باور کرایا لیکن وہ اپنی حرکتو ں سے باز نہیں آئے اور میمو گیٹ سکینڈل بھی ریکارڈ کا حصہ ہے۔