یمن ‘ خودکش حملے اور اتحادی افواج کی بمباری ‘ 40افراد ہلاک ‘درجنوں زخمی ‘ عدن میں ایک جج بھی ماراگیا

منگل 19 جنوری 2016 13:25

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) یمن میں خودکش حملے اور اتحادی فوج کی بمباری میں 40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ عدن شہر میں ایک جج کو بھی قتل کردیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے جنوبی علاقے عدن کے سلامتی سے متعلق امور کے ڈائریکٹر کی رہائش گاہ پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، حملے میں عدن کے سیکیورٹی ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل شلال خوش قسمتی سے محفوظ رہے، دھماکے کا نشانہ بننے والے بیشتر راہ گیر اور عام شہری ہیں جو ان کی رہائش گاہ کے قریب سے گزر رہے تھے۔

حملہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں یمنی سیکیورٹی عہدیدار کی رہائش گاہ سمیت آس پاس کی عمارتیں بھی لرز کر رہ گئیں، دریں اثنا اتحادی ممالک کی جانب سے عدن میں بکتر بند گاڑیوں، توپ خانے اور دیگر انواع و اقسام کے اسلحے کی بھاری کھیپ پہنچا دی گئی ہے، عدن شہر میں ہی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک جج عبدالہادی محمد کو ہلاک کردیا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اتحادی جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں بمباری کی جس میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، بمباری سے ایک فری لانس صحافی بھی ہلاک ہو گیا، المغداد موج علی نامی صحافی کی ہلاکت یمن کے جنوبی نواحی علاقے جریف میں ہوئی جہاں وہ ہوائی حملے سے بچنے کی خاطر پناہ لیے ہوئے تھا۔

متعلقہ عنوان :