نئی امریکی پابندیاں غیر قانونی ہیں، ایران

منگل 19 جنوری 2016 13:10

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء ) ایران نے کہا ہے کہ اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق نئی امریکی پابندیاں غیر قانونی ہیں کیونکہ امریکہ مشرق وسطیٰ میں ہتھیار فروخت کرتا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے کہا کہ ”ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے خلاف امریکی پابندیوں کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز موجود نہیں۔

امریکہ ہر سال علاقے کے ملکوں کو ٹنوں کے حساب سے اسلحہ فروخت کرتا ہے۔ یہ اسلحہ فلسطینی، لبنانی اور حالیہ مہینوں میں یمنی شہریوں کے خلاف جنگی جرائم میں استعمال کیا جاتا ہے۔“یاد رہے کہ امریکہ نے ایران کی طرف سے ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے کے بعد اس پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔نئی پابندیاں پانچ ایرانی شہریوں اور متحدہ عرب امارات اور چین میں رجسٹرڈ چھ کمپنیوں پر عائد کی گئی ہیں جو امریکی حکام کے مطابق ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں معاونت فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

ایران نے اکتوبر اور نومبر میں میزائلوں کے تجربات کیے تھے۔ اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ اکتوبر میں کیا جانے والا تجربہ سلامتی کونسل کی اس قرارداد کی خلاف ورزی کرتا ہے جس میں ایران پر بیلسٹک میزائل کی تیاری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ایران نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پابندی صرف ان میزائلوں سے متعلق تھی جو جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کے میزائلوں میں ایسی کوئی صلاحیت نہیں۔

متعلقہ عنوان :