کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

منگل 19 جنوری 2016 11:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) کراچی میں موسلا دھار بارش سے نکاسی آب اور بجلی کا نظام درہم بر ہم ہو گیا۔ نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث سڑک دھنس گئی۔ جس میں 7 گاڑیاں پھنس گئیں تاہم 5 گاڑیاں نکال لی گئیں۔ دوسری جانب بجلی کے تعطل سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش سے 58 فیڈر ٹرپ ہو گئے۔ کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ایڈمنسٹریٹر اور پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔ قائم علی شاہ نے پولیس کو سیورج لائنز بند کرنے والے گروپ پر نظر رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے گرومندر، فائیو اسٹار چورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ غفلت برتنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ کراچی کے مختلف علاقوں کی سڑکوں پر چند منٹ بارش کے بعد پانی جمع ہوگیا جبکہ فائیواسٹار چورنگی کے قریب کئی گاڑیاں سڑک پر پڑے گڑھے میں پھنس گئیں،جنہیں اپنی مدد آپ کے تحت نکال لیا گیا۔محکمہ موسمیات نے صبح تک وقفے وقفے سے برسات کی پیشگوئی کی جبکہ بارش سے موسم سردہوگیا ،شہریوں نے موسم کا خوب مزہ لیا ،ادھر ایم جناح روڈ ،شاہراہ فیصل ،صدر،گلشن اقبال،آرٹس کونسل سمیت کئی سڑکوں پربارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔

روایت کے عین مطابق بارش کی چند بوندیں پڑتے ہی کئی علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی،اس سے پہلے کہ کراچی کے شہری سردیوں کے موسم کو بھی حکمرانوں کے وعدوں کی طرح مذاق سمجھنا شروع کردیتے،بارش آئی اور موسم واقعی سرد ہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں اس خوشگوار تبدیلی کا آغاز سنسناتی تیز ہواوں سے ہوا، پھر دیکھتے ہی دیکھتے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش شروع ہوگئی، جن علاقوں نے اس ٹھنڈی بھیگی رحمت کا دیدار کیا، اْن میں نارتھ کراچی، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، سہراب گوٹھ، اورنگی ٹاون ، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر سمیت مختلف علاقے شامل ہیں۔

ائیرپورٹ اور ملیر شہر کے وہ مقامات ہیں جہاں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں، اس موقع پر فنکار کے الیکٹر ک کی فنی خرابیاں بھی آڑے آئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ صبح تک تھم جائے گا،اس دوران مختلف علاقوں میں 3 سے 4 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :