ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ایم ڈی کے خلاف خبروں کومسترد کردیا

ادارے میں ہر کام قوانین کے مطابق ہوتا ہے،خلاف ضابطہ کوئی کام نہیں ہوا،ٹائروں کے ریٹ بڑھا کر کسی ٹھیکیدار کو نہیں نوازا گیا ،ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن کابیان

پیر 18 جنوری 2016 22:59

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء)ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں گزشتہ روز مقامی اخبارت میں منیجنگ ڈائریکٹر نیٹکو محمد سعید اﷲ خان یوسف زئی اور نیٹکو کے خلاف شائع ہونے والی اپوزیشن لیڈر کی خبروں کو زمینی حقائق سے متصادم قرار دیا گیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے میں ہر کام ادارے کے قوانین کے مطابق ہوتا ہے۔

خلاف ضابطہ کوئی کام نہیں ہوتا۔ٹائروں کے ریٹ بڑھا کر کسی ٹھیکیدار کو نہیں نوازا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیٹکو کی پرانی گاڑیوں کی نیلامی باقاعدہ نیٹکو بورڈ کی منظوری کے بعد کمیٹی بنائی گئی اور کمیٹی کے ذریعے شفاف طریقے سے پرانی گاڑیوں کی نیلامی کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گندم کے ٹھیکے کا اختیار نیٹکو کے پاس نہیں سول سپلائی کے پاس ہے اور رواں سال نیٹکو کو پورا ٹھیکہ بھی نہیں ملا ہے تو ٹھیکے میں کرپشن کیسے ہوئی ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیٹکو گلگت بلتستان کا قومی اثاثہ ہے اس ادارے کی ترقی درحقیقت پورے علاقے کی ترقی ہے ۔ادارے کے خلاف بے بنیاد خبروں سے ادارے کا وقار متاثر ہوگا۔اس طرح کے بیانات سے پہلے یہ بھی سوچا جائے کہ ایک عدالت اﷲ کی بھی ہے جس میں پورا پورا حساب ہوگا۔اور بہتان گناہ کبیرہ ہے۔کم از کم اﷲ کا خوف تو دلوں میں رکھنا چاہیے۔نیٹکو میں نہ تو ایف آئی اے تحقیقات کررہی ہے اور نہ نیب ۔ صرف ایک خط آیا تھا جس کا جواب دیا گیا ہے۔افسوس اس کو اتنا اچھالا گیا اور ادارے کو ایک سازش کے ذریعے بدنام کیا جارہا ہے۔ اﷲ ایسے لوگوں کو ہدایت دے۔