پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کا وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف پارٹی رہنماؤں کو سخت بیانات جاری کرنے کا حکم

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حوالے سے بھی نرم رویہ اختیار کرنے کی ہدایت

پیر 18 جنوری 2016 22:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء) پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف پارٹی رہنماؤں کو سخت بیانات جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حوالے سے نرم رویہ اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زر داری نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سمیت پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کو ہدایت دی ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف پارٹی کے رہنماء اپنی بیان بازی تیز کر دیں، جن میں وزیر داخلہ کو نہ صرف تنقید کانشانہ بنایا جائے بلکہ انہیں ٹف ٹائم دیا جائے، جس کے بعد خورشید شاہ، مولا بخش چانڈیو اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے چوہدری نثار علی خان کو نشانے پر رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بارے میں نرم رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر خزانہ کے خلاف کوئی بیان نہ جاری کیاجائے کیونکہ وہ پیپلز پارٹی سے رابطے میں رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے پیپلز پارٹی کے رہنماء وزیر داخلہ کے خلاف سخت لب و لہجہ اختیار کئے ہوئے ہیں، حتیٰ کہ مولا بخش چانڈیو اور خورشید شاہ یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ وزیر داخلہ وزیر اعظم کی بات تک نہیں مانتے۔