اسلام آباد ہائیکورٹ ، آصف زرداری کی نیب کرپشن ریفرنسز سے بریت کے خلاف اپیلوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

پیر 18 جنوری 2016 22:01

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی نیب کرپشن ریفرنسز سے بریت کے خلاف اپیلوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی ۔ نئے پراسیکیوٹر کی جانب سے تیاری کے لئے مہلت کی استدعا پر عدالت نے نیب اپیلوں کی سماعت ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت نے ایس جی ایس ، کوٹیکنا ، گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی زرداری کو بری کر دیا تھا جس کے خلاف نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں۔

(جاری ہے)

پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے سماعت کی تو نیب کی جانب سے عدنان طاہر بطور پراسیکیوٹر پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ چوہدری ریاض کی جگہ اب انہیں ان اپیلوں میں پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے لہٰذا دلائل پیش کرنے اور کیس کی تیاری کے لئے مہلت دی جائے۔ اس پر بنچ کے سربراہ جسٹس نور الحق این قریشی نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے نئے پراسیکیوٹر سے کہا کہ آپ جتنا چاہیں وقت لے لیں مگر پرانے پراسیکیوٹر چوہدری ریاض سے پوچھ لیں کہ عدالت نے ان سے کن سوالات کے جواب مانگے تھے۔