حکومت نے یو ٹیوب کے متعارف کروائے گئے لوکل ورژن "یوٹیوب ڈاٹ پی کے " تک رسائی کی اجازت دے دی

پیر 18 جنوری 2016 21:59

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کی سفارش پر حکومت پاکستان نے یو ٹیوب کے حالیہ متعارف کروائے گئے (لوکل ) ورزن "یوٹیوب ڈاٹ پی کے " تک رسائی کی اجازت دے دی۔پی ٹی اے کی سفارش پر حکومت پاکستان نے یو ٹیوب کے حالیہ متعارف کروائے گئے (مقامی ) ورزن "یوٹیوب ڈاٹ پی کے "تک رسائی کی اجازت دے دی۔

۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے یو ٹیوب کے حوالے سے ہونے والی حالیہ پیش رفت اور پی ٹی اے کی معروضات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکی سطح پر متعارف کروائی گئی یو ٹیوب ورزن تک رسائی کی باقاعدہ اجازت دیتے ہوئے پی ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے میگانزم کے تحت بدستور سپریم کورٹ کے احکامات کی من و عن تعمیل کو یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

پیر کو وزارت آئی ٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیاکہ قبل ازیں ستمبر 2012ء میں پی ٹی اے کی سفارش پر ہی یو ٹیوب کے بندش عمل میں لائی گئی تھی۔

پی ٹی اے نے اسوقت سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ہتک آمیز فلم "Innocence of Muslims" کو انٹرنیٹ سے ہٹانے کیلئے یو ٹیوب اور دیگر ویب سائٹوں کو بند کیا تھا کیونکہ اس وقت ہتک آمیز مواد کو ہٹانے کا کوئی تکنیکی چارہ موجود نہ تھا۔حال ہی میں گوگل نے پاکستان کیلئے یو ٹیوب کا (مقامی ) ورزن (یوٹیوب ڈاٹ پی کے ) متعارف کروایا ہے اور پی ٹی اے نے اس امر کی یقین دہائی کروائی ہے کہ اسوقت قابل اعتراض/ہتک آمیز فلم کی کوئی کاپی موجود نہیں ہے تاہم اگر کسی مرحلے پر کوئی قابل اعتراض مواد سامنے آیا تو اسے پی ٹی اے گوگل کی وساطت سے انٹرنیٹ سے ہٹوانے کا بندوبست کریگا اور اس طرح پاکستان میں آن لائن ہتک آمیز مواد تک رسائی ممکن نہیں ہوسکے گی۔

واضح رہے کہ پی ٹی اے جنوری 2016ء کوعدالت عظمی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنی اولین رپورٹ مجاریہ 17-9-12 کی تسلسل میں موجودہ ہونے والی پیش رفت کی رپورٹ ازسر نو بھجوائی ہے۔ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو قبل ازیں یو ٹیوب کو آئی پی سطح (IP Level) پر بند کرنے کی سفارش واپس لے لی ہے ۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے یو ٹیوب کے حوالے سے ہونے والی حالیہ پیش رفت اور پی ٹی اے کی معروضات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکی سطح پر متعارف کروائی گئی یو ٹیوب ورزن تک رسائی کی باقاعدہ اجازت دیتے ہوئے پی ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے میگانزم کے تحت بدستور سپریم کورٹ کے احکامات کی من و عن تعمیل کو یقینی بنائے گا۔