کراچی آپریشن پر کسی مصلحت کی ضرورت نہیں،سیاسی و عسکری قیادت کو ایک صفحے پر متحد رہ کر دہشتگردی کا خاتمہ کرنا چاہیے، رینجرز اختیارات اور کرپٹ عناصر کے معاملے پر کوئی سیاسی گیم نہیں ہونی چاہیے ، پرویز مشرف کو بری کرنا تھا تو مقدمہ کیوں بنایاگیا

عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر شاہی سید کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 18 جنوری 2016 21:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن پر کسی مصلحت کی ضرورت نہیں،سیاسی و عسکری قیادت کو ایک پیج پر متحد رہ کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا چاہیے، رینجرز اختیارات اور کرپٹ عناصر کے معاملے پر کوئی سیاسی گیم نہیں ہونی چاہیے، کراچی آپریشن کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے،اگر پرویز مشرف کو بری ہی کرنا تھا تو پہلے مقدمہ ہی کیوں بنایا،پہلے تحقیقات پھر گرفتاری اور کیس ہونا چاہیے، ہمارے ہاں پہلے گرفتار کیا جاتا ہے پھر تحقیقات ہوتی ہیں۔

وہ پیر کویہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ اگر چوہدری نثار علی خان کراچی نہیں جا رہے تو یہ میاں صاحب اور چوہدری نثار کا آپس کا معاملہ ہے،سارے سیاست دانوں کی کچھ مجبوریاں ہوتی ہیں، ان کی بھی ہوں گی لیکن کراچی آپریشن پر کسی مصلحت کی ضرورت نہیں،سیاسی و عسکری قیادت کو ایک پیج پر متحد رہ کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا چاہیے، رینجرز اختیارات اور کرپٹ عناصر کے معاملے پر کوئی سیاسی گیم نہیں ہونی چاہیے، کراچی آپریشن کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے کیسزمیڈیا کیلئے بریکنگ نیوز کی حد تک ہوتے ہیں،امیروں پر کتنے بھی مقدمات درج ہو جائیں وہ باعزت بری ہو جاتے ہیں،پھنستے غریب ہی ہیں،سارے قانون و قاعدے غریبوں کیلئے ہی بنے ہیں، پہلے زرداری صاحب باعزت بری ہوئے اوراب مشرف صاحب ہو گئے،اگر پرویز مشرف کو بری ہی کرنا تھا تو پہلے مقدمہ ہی کیوں بنایا،پہلے تحقیقات پھر گرفتاری اور کیس ہونا چاہیے، ہمارے ہاں پہلے گرفتار کیا جاتا ہے پھر تحقیقات ہوتی ہیں۔