وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب و ایران خوش آئند ہے ،سیاسی و عسکری قیادت کے ایک ساتھ دورے سے پاکستان کا سعودی عرب ،ایران کشیدگی پر موقف بہتر انداز میں اجاگر ہو گا

پیپلز پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سعید غنی اور سسی پلیجو کی میڈیا سے گفتگو

پیر 18 جنوری 2016 21:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء) پیپلز پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے وزیراعظم اور آرمی چیف کے دورہ سعودی عرب اور ایران کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیشہ کہا کہ پاکستان کو معاملے پر مصالحتی کردار ادا کرنا چاہیے، سیاسی و عسکری قیادت کے ایک ساتھ جانے سے پاکستان کا معاملے پر موقف بہتر انداز میں اجاگر ہو گا۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ آرمی چیف اور وزیراعظم کا ایک ساتھ جانا خوش آئند ہے، سعودی عرب اور ایران میں بہتر تعلقات کا اثر ہمارے ملک پر براہ راست پڑے گا، کسی بھی ملک کی وجہ سے ایران سے تعلقات کو خراب نہیں کرنا چاہیے، اﷲ کرے کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف اپنے امن مشن میں کامیاب ہوں۔

(جاری ہے)

سینیٹر سسی پلیجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شروع دن سے پیپلز پارٹی کا یہی موقف رہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے معاملے میں نیوٹرل رہتے ہوئے ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے، تنازع پر سیاسی و عسکری قیادت کا ایک پیج پر ہونا اچھی بات ہے، اس سے دنیا میں ہمارا موقف بہتر انداز میں اجاگر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 34 رکنی اتحاد بارے پارلیمنٹ کو واضح رکنیت نہیں دی گئی،مسلم امہ کا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر آنا مثبت قدم ہے، لیکن حکومت کو معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔