نبی کریمؐ کے ساتھ محبت کے اصل تقاضے ان کی سیرت طیبہ اور تعلیمات پر عمل کرنا ہے ،پیر سید اسرار الحق

پیر 18 جنوری 2016 21:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء ) معروف دینی راہنما پیر سید اسرار الحق نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کے ساتھ محبت کے اصل تقاضے ان کی سیرت طیبہ اور تعلیمات پر عمل کرنا ہے ․ ہمارے تمام مسائل کا حل اتباع رسولؐکے ساتھ جڑا ہوا ہے ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار میر حیدر کالونی برف خانہ راولپنڈی کینٹ میں منعقدہ ایک محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر علامہ زبیر رشیدی ، حافظ عرفان قادری ، قاری شبیر ہزاروی ، علامہ زمان چشتی ، قاری ساجد ، صاحبزادہ اسرار المحبوب ، علامہ شفیق احمد ، رانا مرتضے ، صاحبزادہ حسان علی چشتی اور دیگر بھی موجود تھے ․ پیر سید اسرار الحق نے کہا کہ آج ہمارے معاشرے میں موجود خرابیان اس عرب معاشرے سے زیادہ ہو چکی ہیں جو بعثت نبوی ؐ سے پہلا تھا ․ یہ نبی کریم ؐ کا احسان عظیم ہے کہ ہمارے گناہوں پر اﷲ تعالی ہماری پکڑ نہیں کر رہا ․ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر معاملے میں نبی کریمؐ کی سیرت پاک سے راہنمائی لینی چائییے تاکہ ہمارے مسائل حل ہو سکیں اور ہماری آخرت بھی سنور جائے ․ دیگر مقررین نے بھی قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محراب و منبر سے لوگوں کی اصلاح کی کوششیں ہو رہی ہیں مگر ان کاوشوں کو زیادہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے جس میں علمائے کرام اور مشائخ عظام کے علاوہ اساتذہ ، سیاسی راہنماؤں اور معاشرے کے دیگر بااثر طبقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ․ محفل میلاد میں حمد و ثناء کے بعد نعت خواں حضرات نے حضور نبی کریمؐ کے حضور نذرانہ ہائے عقیدت پیش کئے ․