انتشار و محنت کشوں کو تقسیم کرنے کی سیاست ملازمین کے خلاف سازش ہے،مزدور یونین ہر سطح پر ادارے کی بقاء اور محنت کشوں کی تقسیم رکوانے کے لیے سرگرم عمل ہے

چوہدری محمد یسیٰن اور اورنگزیب خان کا مزدور یونین کے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

پیر 18 جنوری 2016 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء ) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے مرکزی عہدیداران کا مشاورتی کونسل کا اجلاس زیر صدارت صدر اورنگزیب خان مرکزی یونین آفس میں منعقد ہوا ،اجلاس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،چوہدری زاہد احمد ، حق نواز عباسی ،وارث دلیپ ،سلیم بھٹی ،وارث بھٹی ،امیر شاہ کاظمی ،عرفان خان،احمد علی شیرازی ،ملک لطیف ،سردارآصف ،محمد زاہد اعوان ،رضوان کیانی ،لالہ فرمان ،سردار خان نیازی ،ملک اکمل شہزاد ،اسد محمود،اظہر خان تنولی ،ملک شفیق سمیت دیگر افراد نے شرکت کی ،مشاورتی اجلاس سے چوہدری محمد یسیٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 28اپریل سے ہم سی ڈی اے کی تقسیم اور ادارے کی بقاء کی خاطر اپنی جدوجہد کا آغاز کیے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں ارکان پارلیمنٹ ،حکومت و اپوزیشن کے نمائندوں ،دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین ،چیئرمین سینیٹ ،وفاقی وزیر برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،سینیٹ میں پبلک پیٹیشن دائر کرنے کے علاوہ نہ صرف اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پیٹیشن دائر کی بلکہ آبپارہ چوک میں 17دسمبر کو ہزاروں ملازمین کے ہمراہ اپنا پر امن احتجاج بھی ریکارڈ کروایا ہم نے ادارے کی تقسیم اور سی ڈی اے کی بقاء کی خاطر سی ڈی اے افسران کو بھی محنت کشوں کی عملی جدوجہد میں شریک ہونے کی دعوت دی اور ہر موقع پر سی ڈی اے کے تمام محنت کشوں اور ٹریڈ یونینز کو یہ پیغام دیا کہ یہ وقت سیاست کرنے کا اور سیاسی دوکان چمکانے کا نہیں بلکہ ادارے کی بقاء ہمارااولین مقصد ہونا چاہیے لیکن سازشی ٹولہ جس نے ہمیشہ اپنی منافقانہ سیاست کے ذریعے ملازمین کو تقسیم کرنے کی کوشش کی اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور آج ایک بار پھر وہ لوگ اپنی سیاسی دوکان چمکانے کے لیے مداری پن کا مظاہر ہ کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ دس ماہ سے یہ لوگ سوئے ہوئے تھے ایک طرف یہ لوگ ریفرنڈم کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف نام نہاد احتجاجی جلسے کی بات کرتے ہیں انکا مقصد سی ڈی اے ملازمین کے مسائل کا حل اور ادارے کی بقاء نہیں بلکہ صرف اور صرف یہ اپنی انتشار کی سیاست کے ذریعے محنت کشوں کو تقسیم کرکے اپنے مخصوص سیاسی مقاصد کا حصول چاہتے ہیں ،سی ڈی اے مزدور یونین نے ہمیشہ ملازمین کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور آج بھی ادارے کی بقاء اور ملازمین کی مراعات کو قانونی تحفظ دلوانے کے لیے سرگرم عمل ہے ،ہم اپنے اس موقف پر اصولی طور پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ منتخب نمائندوں کو اختیارات ضرور دیے جائیں لیکن اس کے لیے سی ڈی اے اور ملازمین کی تقسیم ضرور ی نہیں بلکہ کنٹونمنٹ بورڈ کی طرز پر منتخب نمائندے وفاقی دارلحکومت میں اپناکردارادا کر سکتے ہیں ۔