تاجر برادری ملک سے غربت کو کم کرنے کی کوششوں میں تعاون کرے،سید آصف منیر

پیر 18 جنوری 2016 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام لاکھوں خاندانوں کو مالی امداد فراہم کر کے ملک سے غربت و افلاس کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور تاجر برادری اس پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کی کوششوں میں بی آئی ایس پی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ ان خیالات کا اظہار بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن (وسیلہ روزگار ) سید آصف منیر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے 51لاکھ ایسے خاندانوں کی نشاندہی کر دی ہے جو غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور ان کا ایک ڈیٹا بیس بنا لیا ہے جس کے تحت ایسے خاندانوں کو 1500روپے ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر وصنعتکار اپنے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی پروگرامز کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے منصوبوں بشمول غذائی قلت، تعلیم بالغاں اور بلا سود قرضوں کی فراہمی وغیرہ میں تعاون کر کے ایسے خاندانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوششوں میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ان کوششوں کو سراہا جن کا مقصد ملک کے غریب افرا د کی زندگیوں کو معاشی طور پر بہترکرنا اور ان کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے پروگراموں و منصوبوں میں بھرپور تعاون کیا ہے اور وہ غریب خاندانوں کا معیار زندگی بہتر کرنے کی کوششوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ بھی تعاون کیلئے تیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق افراد کا ڈیٹا تاجر تنظیموں کے ساتھ شیئر کرے تا کہ کاروباری برادری معاشرے کے پسے ہوئے اور غریب عوام کو پیداواری سرگرمیوں میں مصروف کرنے اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کی کوششوں میں بی آئی ایس پی کے ساتھ تعاون کر کے ملک سے غربت و افلاس کو کم کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکے۔