اسلام آبادکی اہم شاہراؤں کی اپ گریڈیشن اور تعمیرکے خصوصی منصوبے پر کام زور شور سے جاری

سڑکوں کی تعمیر و مرمت اوراپ گریڈیشن پر کام کی رفتار کومزید تیز کیا جائے،چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت

پیر 18 جنوری 2016 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء ) اسلام آبادکی تمام اہم شاہراؤں کی اپ گریڈیشن اور تعمیرکے خصوصی منصوبے پر کام زور شور سے جاری ہے اور اب ہیوی مشینری نے اسلام آباد کے سیکٹر F-6 میں سڑکوں کی کارپیٹنگ کا کام شروع کردیاہے اور مرکز F-6 کے علاوہ آغا خان روڈ کی کارپیٹنگ کے علاوہ سیکٹر F-6/1 اور F-6/3 کی گلیوں کی ضروری تعمیر و مرمت بھی کی جا رہی ہے۔

اسلام آبادکے تمام بڑے روڈز کی بحالی اوراپ گریڈیشن کے اس خصوصی کے تحت سیکٹروں میں بیک وقت کام شروع کیا گیاہے جس کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے سیکٹر G-6 کی تمام بڑی روڈز بشمول میونسپل روڈ، اتا ترک ایونیو(ایسٹ) صدر روڈ، سہروردی روڈ اور بیگم سرفراز اقبال روڈ کی کارپیٹنگ کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح اسلام آباد کے سیکٹر G-11/1 ، G-11/2 سیکٹرF-11/1 ، F-11/2 اور F-7 کی بڑی سڑکوں اور مرمت طلب تمام گلیوں کی کارپیٹنگ کی جا چکی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ اسلا م آباد کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت ،اپ گریڈیشن اوردیکھ بھال کے اس خصوصی منصوبے پر جاری کام کی رفتار کومزید تیز کیا جائے اور بھرپور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلام آباد کے تمام سیکٹروں کی سڑکوں کی کارپیٹنگ کو مکمل کیا جائے تاکہ اس خصوصی منصوبے کے دوسرے مرحلے کو شروع کیا جا سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کے بوسیدہ سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے بھی150 ملین روپے مختص کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1960 ؁ء سے اسلام آباد میں بنایا جانے والا سیوریج سسٹم اپنی مدت مکمل کر چکا ہے اس لیے آبادی کے تناسب سے سیوریج سسٹم کی مزید بہتری اور اپ گریڈیشن وقت کا تقاضا ہے جس کے لیے تما م وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہاکہ انوائرنمنٹ ونگ نے اسلام آباد کے تمام 180 پارکوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے لیے ایک جامعہ منصوبہ بنایاہے جس کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے بڑے پارکوں جن میں ایف9- پارک، لیک ویو پارک،کچنار پارک،دامنِ کوہ پارک ، روز اینڈ یاسمین گارڈن اور مرغزار (چڑیا گھر ) سے متصل سہولتوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

ان تمام پارکوں میں موجود بچوں کے کھیلنے کی جگہوں کو بہتر بنانا ، تنصیبات کی اپ گریڈیشن ،فٹ پاتھوں کی تعمیر و مرمت اور روشنی کے مناسب انتظام اس منصوبے میں شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں اسلام آباد میں 15 بچوں کے پارکوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ان تمام پارکوں میں جدید سہولیات کا اضافہ کرکے بچوں کے لیے تفریح کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں پارکوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ شہرکے تمام واکنگ ٹریکس کی تعمیر و مرمت بھی اس منصوبے کا حصہ ہے تاکہ شہریوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہاکہ اسلام آباد میں پہلے منی ایچر گارڈن کی تعمیر کا منصوبہ بھی بنایا گیاہے۔ جس کے تحت فاطمہ جناح پارک F-9 میں اسلام آباد کا پہلا اور جدید منی ایچر گارڈن بنایاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :