بڑے کھلاڑی نئے آنیوالے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے آتے ہیں جو انتہائی خوش آئند ہے،گورنر سندھ

الحمدﷲ سیکیورٹی فورسز نے امن و امان بحال کیا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہیگا ،ہمیں پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے،تقر یب سے خطاب

پیر 18 جنوری 2016 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں پہلے بہت زیادہ دہشت گردی تھی اور لوگوں کو دھمکیاں دی جاتی تھیں الحمدﷲ ہماری سیکیورٹی فورسز نے جو کام کیا ہے اس سے امن و امان بحال ہوا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑ رہا ہے ہم سب کو ثابت کرنا ہے کہ ہمیں پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔

وہ آل پاکستان انٹر میڈیٹ بورڈ ز T-20 چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں کھلاڑیوں میں انعام تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ ، سابق ٹیسٹ کرکٹرز صلاح الدین صلو ، اقبا ل قاسم ، وسیم باری ، شعیب محمد ، آفتاب بلوچ اور چیمپئن شپ کے آرگنائزر سراج الاسلام بخاری سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے چیمپئن شپ کی فاتح انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کو مسلسل تیسری مرتبہ فائنل میچ جیتنے پر ایک لاکھ روپے دینے اور انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کے کھلاڑیوں کے دیئے جانے والا ڈیلی الاؤنس 200 روپے سے بڑھا کر اسے 500 روپے آفیشل کے لئے 400 روپے سے بڑھا کر 800 روپے جبکہ کھلاڑیوں کا کنوینس الاؤنس 40 روپے سے بڑھا کر اسے 100 روپے کرنے کا اعلان کیا۔

گورنرسندھ نے چیمپئن کی رنر اور ونر ٹیموں اورخاص طور پر چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی بنوں بورڈ ٹیم کو مبارک باد دی جبکہ 15 برس بعد چیمپئن شپ کے انعقاد پر انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کے چیئر مین اور ان کی ٹیم کو بھی مبارک باد پیش کی اس چیمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں کھیل کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا ہے جس میں کھلاڑی کا کلیدی ہے اس چیمپئن شپ میں دور دراز علاقوں سے ٹیموں نے شرکت کی ۔

تقریب میں سابق ٹیسٹ کرکٹر کی موجودگی پر گورنر سندھ نے کہا کہ بڑے کھلاڑی نئے آنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے آتے ہیں جو انتہائی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہم نے متعدد میچزکئے گئے کیونکہ کراچی کے لوگ کھیلوں کے شوقین ہیں آج بھی میں کہتا ہوں کہ عالمی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آئیں انھیں دنیا کی بہترین سیکیورٹی فراہم کرینگے اور کراچی میں بہت جلد عالمی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔

تقریب میں گورنر سندھ نے فائنل میچ کی فاتح انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کو 50 ہزار رپے انعام اورشیلڈ دی جسے ٹیم کے کپتان فہدس بخاری نے وصول کیا فائنل میچ کی رنر ملتان انٹر بورڈ کے لئے 30 ہزار رپے اور شیلڈ ٹیم کے کپتان سیف الرحمن نے وصول کی چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی بنوں بورڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان طاہر خان نے گورنر سندھ سے 20 ہزار وپے اور شیلڈ وصول کی جبکہ فائنل میچ کے مین آف دی میچ انٹر میڈیت بورڈ کراچی کے کپتان فہدس بخاری کو 10 ہزار روپے انعام دیا گیا ۔ گورنر سندھ نے پروفیسر سراج الاسلام کو Life time achievement award دیا ۔