وزیراعلی خیبرپختونخوا نے صوبے کے پہلے ٹو لیول فلائی اوور باب پشاورکا افتتاح کردیا

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے ہمارا عزم پختہ ،حوصلے بلند ہیں ، تقریب سے خطاب

پیر 18 جنوری 2016 21:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے حیات آباد پشاور میں ایک ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے صوبے کے پہلے ٹو لیول فلائی اوور " باب پشاور" کا افتتاح کیا فیز تھری چوک حیات آباد پشاور میں تعمیر ہونے والا یہ اہم منصوبہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زیر نگرانی نیشنل لاجسٹک سیل( این ایل سی)نے پانچ ماہ کی انتہائی قلیل مدت میں مکمل کیا جس سے پشاور اور قبائلی علاقوں کو آنے اور جانے والے بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ملک کے اس دوسرے ٹو لیول فلائی اوور میں شامل پلوں کی لمبائی تقریباً2128 میٹر ہے افتتاحی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر ، سینئر وزیر بلدیات سمیت صوبائی وزراء ومشیر ، سینٹرز ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ضلع ناظم محمد عاصم سمیت چیف سیکرٹری ، اعلیٰ حکام اور سماجی شخصیات کے علاوہ شہریوں نے شرکت کی تقریب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق، سینئر وزیر عنایت اﷲ خان و دیگر نے بھی خطاب کیا افتتاحی تقریب سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ با ب پشاور کے افتتاح کا دن اہل پشاور کیلئے ایک تاریخی اور اہم دن ہے کیونکہ پشاور کے تاریخی شہر میں ایک ارب70 کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے حیات آباد فلائی اوور " باب پشاورـ" کا انتہائی اہم منصوبہ پانچ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر لیا گیا انہوں نے کہاکہ فلائی اوور اعلیٰ ترین معیار اور تکمیل کی مختصر ترین مدت کے علاوہ اپنی افادیت کے اعتبار سے بھی "تبدیلی" کی عظیم الشان نشانی کے طور پر ہمیشہ کیلئے ایک مثال تصور کیا جائے گاوزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت نے20 ارب روپے کی لاگت سے رنگ روڈ کے20کلومیٹر شمالی حصے(Missing Link ) کی تعمیر کو اپنی ترجیحات کا حصہ بنایا ہے اور اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں چارسدہ روڈ پجگی روڈ تک دو کلومیٹر دورویہ سڑک اور بڈھنی نالے پر پل کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ چارسدہ روڈ انٹرسیکشن پر فلائی اوور کی تعمیر کاکام آخری مراحل میں ہے جبکہ چار کلو میٹر طویل پجگی تا ورسک روڈسیکشن پر تعمیراتی کام بھی شروع کر دیا گیا ہے اسی طرح پجگی روڈ اور ورسک روڈ پر فلائی اوورزکی تعمیر بھی اس منصوبے کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ اس سیکشن کی تعمیر پر سات ارب روپے لاگت آئے گی انہوں نے مزید کہا کہ شمالی رنگ روڈ کے بقیہ حصے" ورسک روڈ تا ناصر باغ روڈکی تعمیر پر 12 ارب روپے خرچ ہوں گے اور اس کیلئے بھی اراضی کے حصول کاکام جاری ہے جس کیلئے صوبائی حکومت نے تقریباً تین ارب روپے جاری کردیئے ہیں جبکہ منصوبے پر تعمیر اتی کام آئندہ مالی سال میں شروع کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت رنگ روڈ پر سروس روڈ تعمیر کرکے اس کی خوبصورتی سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے کے علاوہ یونیورسٹی روڈ کی کشادگی اور مناسب پارکنگ کا منصوبہ بھی شروع کر رہی ہے انہوں نے کہاکہ دونوں اہم منصوبے بھی اسی تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں گے جس طرح حیات آباد فلائی اوور کو مختصر ترین عرصے میں مکمل کیا گیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی دارلحکومت پشاور کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے اہل پشاور کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کی وجہ سے پشاور کی دو سال قبل والی حالت اور آج کی تصویر میں نمایاں فرق نظر آرہا ہے جو تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل درآمد کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں نہ صرف پشاور کیلئے خصوصی پیکج دیئے بلکہ ان رقوم کے کرپشن فری استعمال کو یقینی بنانے کیلئے پہلی مرتبہ موثر نظام بھی وضع کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ انہی اقدامات کا نتیجہ ہے کہ نہ صرف پشاور بلکہ پورے صوبے میں تجاوزات کا خاتمہ ممکن ہواہے اور قبضہ مافیا کے عمل دخل کو ختم کرکے شاہراہوں کی کشادگی اور خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں چھ ارب روپے کی لاگت سے پشاورUplift" اور پشاورBeautification " کے نام سے دو منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کے تحت جی ٹی روڈ اور جمرود روڈ سمیت اندرون شہر اور پشاور چھاونی کی متعدد سڑکوں کی تعمیر وبحالی کاکام مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ نئے U terns متعارف کرائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے ۔

اسی طرح منصوبوں کے تحت افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی بھاری گاڑیوں کو متبادل روٹ کی فراہمی کیلئے رنگ روڈ پر حیات آباد کے قریب واقع ٹول پلازہ سے فرنٹیر روڈ تک نئی شاہراہ کی تعمیر کاکام جاری ہے انہوں نے کہا کہ جی ٹی۔جمرود روڈ پر واقع Green Belt اورCenter Media میں شجرکاری کی گئی ہے جس سے پشاور کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ شہر میں واقع 13 پارکوں کی بحالی سمیت رنگ روڈ و موٹروے کے سنگم پر واقع پارک کا تعمیراتی کام مکمل ہو گیا ہے جبکہ ورسک گریوٹی کینال کے اطراف میں واقع سڑکوں کی تعمیر نو اور خوبصورتی کاکام جاری ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت پورے خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے ہمارا عزم پختہ اورحوصلے بلند ہیں اور ہمارے ان موثر اقدامات کے نتیجے میں خیبر پختونخوا بدل رہا ہے جس سے عوام موجودہ دور حکومت میں خود کو حقیقی معنوں میں مسائل و مشکلات سے نکلتا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر وفاق صوبائی حکومت سے تعاون کرتے ہوئے صوبے کو اس کے جائز حقوق کی بروقت ادائیگی یقینی بنائے تو صورتحال میں مزید بہتری آسکتی ہے انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے کے دستیاب وسائل کو عوام کیلئے آسانیاں پید ا کرنے پر خرچ کرنے میں ذرہ برابر بھی کوتاہی نہیں کی جائے گی وزیراعلیٰ نے NLC کے حکام کا قلیل مدت میں اسی فلائی اوور کو مکمل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :