کوئٹہ انسداد دہشت گردی عدالت نے نواب اکبر خان بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف سمیت سابق وفاقی اور صوبائی وزراء داخلہ کو کیس سے عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا ،ہم اس کیس میں بے گناہ تھے ،عدالت نے انصاف کے تقاضے پورے کئے،سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ ،ہمیں انصاف نہیں ملا،فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ جائیں گے،جمیل اکبر بگٹی

پیر 18 جنوری 2016 15:57

کوئٹہ۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جنوری۔2016ء) کوئٹہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جان محمد گوہر نے نواب اکبر خان بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف سمیت سابق وفاقی اور صوبائی وزراء داخلہ کو کیس سے عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا ،پیر کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نواب اکبر خان بگٹی قتل کیس کی سماعت ہوئی نامزد ملزمان میں صرف سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاؤ عدالت میں پیش ہوئے ،سماعت میں عدالت نے فیصلہ سنادیا جسکے تحت سابق صدر پرویز مشرف، سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی کو کیس سے بری کردیاگیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاوٴ نے کہا کہ ہم اس کیس میں بے گناہ تھے ، عدالت نے انصاف کے تقاضے پورے کئے۔ انہوں نے کہا کہ نواب اکبر بگٹی کے لواحقین کے جذبات کااحساس ہے،ہم ملک میں امن واستحکام چاہتے ہیں۔فیصلے کے بعد نواب اکبر خان بگٹی کے صاحبزادے جمیل اکبر بگٹی اور ان کے وکیل سہیل راجپوت ایڈوکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انصاف نہیں ملا ہے ،فیصلے کے خلاف بلوچستان بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کرینگے۔