وزیراعظم اورآرمی چیف کے دورہ سعودی عرب اورایران کی مکمل حمایت کرتے ہیں،یہ اقدام پاکستانی عوام کی صحیح ترجمانی ہے،امت مسلمہ میں پاکستان کاجومقام ہے اس کاتقاضا ہے کہ باہمی خیرسگالی کاماحول پیداکیاجائے، ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے پاکستان کا مصالحتی کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان

اتوار 17 جنوری 2016 20:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17جنوری۔2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے وزیراعظم نوازشریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ سعودی عرب اورایران کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ اقدام پاکستانی عوام کی صحیح ترجمانی ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے مطابق مولانافضل الرحمان نے کہاکہ وزیراعظم اورآرمی چیف کے دورہ سعودی عرب اورایران کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، امت مسلمہ میں پاکستان کاجومقام ہے اس کاتقاضا ہے کہ باہمی خیرسگالی کاماحول پیداکیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اتحاد امت کیلئے یہ دورہ انتہائی اہم ہے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف نے جواقدام لیا ہے وہ پاکستانی عوام کی صحیح ترجمانی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے پاکستان کا مصالحتی کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خیر سگالی اور مصالحتی عمل سے پاکستان اپنا وہ عظیم فرض سرانجام دے رہا ہے جس کی توقع پوری اسلامی امہ پاکستان سے کررہی تھی۔

انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام پاکستان اس سلسلے میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے براہ راست مذاکرات کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتی ہے ان کے اس اقدام سے خطے اور بالخصوص اسلامی دنیا میں پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوگا اور ایک امن پسند ریاست کے طور پر پاکستان کا کردار اجاگر ہوگا ایسے وقت میں عالمی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ پاکستان کی کوششوں میں اسکی مکمل حمایت اور تعاون کرے۔