بھارت میں خاتون نے نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ ارویند کیجریوال پر سیاہی پھینک دی،سیاہی پھینکنے کے بعد خاتون کی نعرے بازی اور وزیر اعلیٰ کیخلاف احتجاج ،سیکیورٹی اہلکاروں نے خاتون کو گرفتار کرلیا ،وزیر اعلیٰ کا فوری رہا کرنے کا حکم

اتوار 17 جنوری 2016 18:43

بھارت میں خاتون نے نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ ارویند کیجریوال پر سیاہی ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17جنوری۔2016ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک خاتون نے وزیر اعلیٰ ارویند کیجریوال پر سیاہی پھینک دی،سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرلیا تاہم وزیر اعلیٰ ارویند کیجری وال نے سیکیورٹی اہلکاروں کو خاتون کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ نئی دلی اروند کیجری وال سٹیڈیم میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ اسی دوران ایک خاتون بھاونا اروڑانے ان پر سیاہی پھینک دی۔

(جاری ہے)

سیاہی سٹیج پر بیٹھے مہمانوں کے منہ پر جاگری۔ سیاہی پھینکنے کے بعد خاتون نے نعرے بازی بھی کی اور وزیر اعلیٰ کیخلاف احتجاج کیا۔ بھاونا اروڈا نے عام آدمی پارٹی پر کرپشن کا الزام لگایا اور کہا کہ اس کے پاس پارٹی کی کرپشن کے ثبوت موجود ہیں۔سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرلیا۔وزیر اعلیٰ ارویند کیجری وال نے سیکیورٹی اہلکاروں کو خاتون کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔واضح رہے کہ ارویند کیجری وال کا تعلق عام آدمی پارٹی سے ہے اور وہ نئی دلی کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ ریاستی انتخابات میں ان کی پارٹی نے کانگریس اور بی جے پی کو شکست فاش دی تھی۔