مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کے ڈی ایس پی کے ذاتی محافظ سمیت 4اہلکار رائفلیں لیکر فرار‘ مجاہدین میں شامل ہونے کا خدشہ،بھارتی پولیس کے انسپکٹر جنرل کشمیر سید جاوید مجتبیٰ گیلانی کی جانب سے واقعے کی تصدیق

اتوار 17 جنوری 2016 18:39

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع اسلام آباد کے قصبہ بجبہاڑہ میں بھارتی پولیس کے ایک ڈی ایس پی کا ذاتی محافظ چار AK-47 رائفلیں لے کر فرار ہوگیا ہے۔ میڈیا رپو رٹ کے مطابق کندلن شوپیان سے تعلق رکھنے والا شکور احمد دوروز قبل بجبہاڑہ سے پراسرار طور لاپتہ ہوگیاہے جبکہ اس کے تین مزید دوست بھی روپوش ہوگئے ہیں۔

بھارتی پولیس کے انسپکٹر جنرل کشمیر سید جاوید مجتبیٰ گیلانی نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ پولیس اہلکار ایس ڈی پی او بجبہاڑہ ارشاد احمد بٹ کی سرکاری رہائش گاہ پر ان کے ذاتی محافظ کے طور پرتعینات تھا۔ اطلاعات کے مطابق شکور احمد کے ساتھ کندلن کے ہی رہنے والے اس کے دو دوست غازی فیاض احمد ڈار اور عاقب احمدڈار اور عابد احمد بٹ ساکن کنہ ہامہ بھی روپوش ہوگئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل شکور احمد اور اس کے دوست ممکنہ طور پرمجاہدین کی صفوں میں شامل ہوئے ہیں اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یاد ر ہے کہ گزشتہ سال مارچ میں ایک سابق کٹھ پتلی وزیر کا ایک ذاتی محافظ نصیر احمد پنڈت مذکورہ وزیر کی رہائشگاہ سے اپنی سروس رائفل لیکر فرار ہوگیا تھااور بعد میں مجاہدین میں شامل ہوگیا تھا۔