پاکستان شریعت کونسل کاسعودی عرب اور ایران مابین کشیدگی ختم کروانے کیلئے حکومت پاکستان کے متحرک ہونے کا خیر مقدم ،تنازعہ کو فرقہ وارانہ تصادم بننے سے بچانا اور کشیدگی کو کم کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ‘پاکستان شریعت کونسل

اتوار 17 جنوری 2016 18:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17جنوری۔2016ء) پاکستان شریعت کونسل نے سعودی عرب اور ایران کے مابین کشیدگی ختم کروانے کے لیے حکومت پاکستان کے متحرک ہونے کا خیر مقدم کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ اس تنازعہ کو فرقہ وارانہ تصادم بننے سے بچانا اور کشیدگی کو کم کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔کونسل کے سرکردہ راہ نماوٴں کا ایک ہنگامی اجلاس اتوار کو جامع مسجد محمدی اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل مولانا زاہد الراشدی کے زیر صدارت منعقد ہوا ۔

جس میں مولانا رمضان علوی ،مولانا مفتی سیف الدین گلگتی ،مولانا عبدالقدوس محمدی ،مولانا مفتی سید علی محی الدین ،حافظ محمد بلال علوی ،مولانا عبدالرو ف اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مصالحت کے لیے کردار ادا کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے اپیل کی گئی کہ کشیدگی کو روکنے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ حالات کے اس مقام تک پہنچنے کے اسباب کا جائزہ لیاجائے تاکہ ان کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے سدباب کے لیے حکومت پاکستان اور دیگر مسلم حکومتیں موثر اقدامات اٹھا سکیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں او آئی سی سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس معاملے میں کردار ادا کرے اور ہنگامی اجلاس بلا کر اس حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دے ۔